نیب کی کمزور پراسیکیوشن نواز شریف کی رہائی کا سبب بنی،صاحبزادہ حامد رضا

بھارت نے مزاکرات سے انکار کر کے امن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ ن لیگ کا محرم کے دوران نواز شریف کی رہائی کا جشن منانا شرمناک ہے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل

اتوار 23 ستمبر 2018 20:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نیب کی کمزور پراسیکیوشن نواز شریف کی رہائی کا سبب بنی۔ بھارت نے مزاکرات سے انکار کر کے امن دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ ن لیگ کا محرم کے دوران نواز شریف کی رہائی کا جشن منانا شرمناک ہے۔ ن لیگ مٹھائیاں بانٹنے میں ہمیشہ جلدی کرتی ہے۔

نواز شریف کی سزاؤں کی معطلی مستقل نہیں عارضی ہے۔ اگر نواز شریف کی رہائی کسی ڈیل کے تحت ہوئی ہے تو یہ قوم کے ساتھ بڑا بھیانک مذاق ہے۔ کیا جشن مناتے ن لیگی کلثوم نواز کا غم بھول چکے ہیں۔ اب پاکستان کو آئی ایم ایف کے بغیر جینا سیکھنا ہو گا۔ حکومت وزیراعظم کے ریاست مدینہ کے تصور کو ماند نہ پڑنے دے۔ پرانے نظام کے سیاسی، معاشرتی اور سماجی ڈھانچے پر نئے پاکستان کا غلاف نہیں سج سکتا۔

(جاری ہے)

نئے پاکستان کی تعمیر کے لئے عوام دشمن استحصالی نظام کی تبدیلی ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ٹیکس چوری، بجلی چوری اور گیس چوری کا خاتمہ کر کے ملک کے آدھے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔ تھر میں غذائی قلت کی وجہ سے رواں سال کے دوران 457 بچوں کی ہلاکتیں لمحہ فکریہ ہیں۔

سندھ حکومت تھر کی پسماندگی دور کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔ وزیر خارجہ اقوام متحدہ کے سالانہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں اور پاکستان میں بھارتی مداخلت سے عالمی برادری کو آگاہ کریں۔ امریکہ افغانستان میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ امریکہ افغانستان میں ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈال کر بدامنی کا کھیل جاری رکھنا چاہتا ہے۔ بھارت صرف اپنے مقاصد اور مفادات کے لئے افغانستان میں موجود ہے۔ نئی حکومت نئے ٹیکس لگانے سے باز رہے۔ منی بجٹ کے ذریعے عوام کو مہنگائی کے عذاب سے دو چار کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں