وزیراعظم ایک روزہ دورہ لاہور ، مصروف ترین دن گزارا

عمران خان کی گورنر چوہدری سرور، وزیراعلیٰ ،صوبائی وزراء سے ملاقاتیں،کابینہ اجلاس میں شرکت ْسینئر صوبائی وزیر علیم خان کی نئے بلدیاتی نظام اور وزیراعظم کے 100روزہ پلان کے حوالے سے بریفنگ وزیراعظم نے بلدیاتی نظام سے متعلق تجاویز قبول کرلیں عوامی مسائل کے حل کیلئے زیادہ سے زیادہ کوششیں اور 100روزہ پلان پر عملدرآمد کیا جائے،ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،وزیراعظم کی گفتگو

اتوار 23 ستمبر 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز ایک روزہ دورہ پر اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے جہاں انہوں نے مصروف ترین دن گزارا بتایاگیا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،سینئر صوبائی وزیر علیم خان ،صوبائی وزیر ہائوسنگ محمود الرشید سمیت دیگر صوبائی وزراء نے استقبال کیا ائیرپورٹ سے عمران خان اپنی ذاتی رہائش زمان پارک کیلئے روانہ ہوگئے اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے زمان پارک کے تمام راستوں پر پولیس کے جوان تعینات کئے گئے تھے جبکہ وزیراعظم کی رہائش گاہ واقع زمان پارک اور اس سے ملحقہ گلیوں کو صبح سویرے ہی عام پبلک کیلئے بند کر دیاگیا تھا وزیراعظم عمرا ن خان کو ان کی ذاتی رہائش پہنچنے کے بعد صوبے میں نئے بلدیاتی نظام لانے کے حوالے سے پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے بریفنگ دی اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر صوبائی وزراء سمیت تحریک انصاف کی سینئر قیادت بھی موجود تھی پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے وزیراعظم کے 100 روزہ پلان اور نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی اور پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام میں شامل کئے گئے اہم نکات کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا گیا ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر صوبائی وزیر علیم خان کی جانب سے مجوزہ بلدیاتی نظام کو بدلنے کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز کو قبول کرلیا ہے اور بلدیاتی نظام کو بدلنے کے حوالے سے آج بروز پیر اہم اعلان کئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ اجلاس میں علیم خان نے وزیراعظم عمران خان کو سابقہ حکومت کی جانب سے بنائے گئے بلدیاتی نظام کی خامیوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا اس موقع پر علیم خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ایک نیا اور بہتر بلدیاتی نظام لائیگی جس میں اختیارا ت کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت عوام کے بنیادی مسائل حل ہو سکیں گے بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے گورنر پنجاب چوہدری سرور ،پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور علیم خان اوسے ون آن ون ملاقات بھی کیں جس میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیش کردہ 100 روزہ پلان کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے سہ پہر کو پنجاب کی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی اور اجلاس میں تمام صوبائی وزراء کو 100روزہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم ہدایات دیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو کہاکہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے زیادہ سے زیادہ کوششیں کریں وزیراعظم عمران خان کو پنجاب کے صوبائی وزراء جن میں صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد،صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان ،صوبائی وزیر سیاحت راجہ یاسر ہمایوں سرفراز نے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی اور مختلف اہم منصوبوں کی منظوری لی جبکہ وزیراعظم عمران خان سے قومی کمیشن برائے پولیس اصلاحات ناصر خان درانی نے بھی خصوصی ملاقات کی اور انہیں پولیس میں مجوزہ اصلاحات کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے بیورو کریسی کے مختلف اجلاسوں کی بھی صدارت کرتے ہوئے ان سے خطاب کیادریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے اپنی رہائش گاہ واقع زمان پارک میں اپنی سیاسی ٹیم سے 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے بھی اہم مشاورت کی جس میں وزیراعظم عمران خان نے اپنی سیاسی ٹیم کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور پارٹی کامنشور گھر گھر تک پہنچائیں اور انتخابات مہم کو مزید تیز کیا جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں