وزیراعظم کی زمان پارک آمد، ایڈن ہائوس سوسائٹی کے متاثرین کا احتجاج

مظاہرین کا عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر ان کی رہائش گاہ کے باہر شدید بار میں دھرنا، ٹریفک جام عمران خان ہماری ساری زندگی کی جمع پونجی کو لوٹنے والے افراد کیخلاف کارروائی کریں،متاثرین کا مطالبہ

اتوار 23 ستمبر 2018 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کی لاہور آمد کے موقع پر ان کی ذاتی رہائش واقع زمان پارک میں صبح سویرے ہی ایڈن ہائوس سوسائٹی کے متاثرین کی کثیر تعداد احتجاج کیلئے پہنچ گئی اور انہوں نے وزیراعظم سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا بتایاگیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کے متاثرین جن میں بچے ،بزرگ اور خواتین کی کثیر تعداد شامل تھی انہوں نے ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کیخلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان ان کی ساری زندگی کی جمع پونجی کو لوٹنے والے افراد کیخلاف کارروائی کریں مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کے مالکان کیخلاف نعرے درج تھے مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2008ء میں اپنی ساری زندگی کی جمع پونجی ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کو اچھے مستقبل کیلئے دی لیکن ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی نے ہمارے ساتھ فراڈ کرتے ہوئے آج کی تاریخ تک ہمیں پلاٹ نہیںدئیے ہم نے ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ کیخلاف نیب لاہور کو درخواست بھی دی ہوئی ہے لیکن نیب لاہور نے بھی تاحال اب تک کوئی کارروائی نہیں کی ڈپٹی کمشنر لاہور مظاہرین سے مذاکرات کیلئے آئے لیکن مظاہرین نے ان سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ جب تک ان کی وزیراعظم عمران خان یا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات نہیں کروائی جاتی وہ یہاں سے نہیں جائیں گے بعدازاں وزیراعظم عمران خان کے سٹاف نے ان مظاہرین سے مذاکرات کئے لیکن مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک وزیراعظم عمران خان یا وزیراعلی ٰ پنجاب انہیں خود یقین دہانی نہیں کرواتے وہ یہاں سے نہیں جائیں گے بعدازاں دوپہر کے وقت مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر احتجاج ان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دیدیااور شدید بارش کے دوران بھی مظاہرین دھرنا دئیے بیٹھے رہے جس کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے بعدٹریفک پولیس نے کینال روڈ کو مال روڈ کی جانب سے کینال روڈ کی طرف جانے والے راستے کو ٹریفک کیلئے مکمل بند کر دیا آخری اطلاعات کے مطابق مظاہرین کا دھرنا تاحال جاری تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں