وزیراعلیٰ پنجاب کی سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارکباد

اتوار 23 ستمبر 2018 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔وزیر اعلیٰ نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب سے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں انہوں نے پہلا غیر ملکی دورہ سعودی عرب کا کیا ہے۔

نئے پاکستان میں سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ اور معاشی تعلقات کے نئے باب کھلیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سعودی عرب کو پاکستان کے عوام اپنادوسرا گھر سمجھتے ہیں۔پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات ہیں جو ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی دنیا کے لئے مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔ ہر آزمائش کے موقع پر سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سعودی عرب میں حجاز مقدس پاکستانیوں کی عقیدت کا محور اور روحانیت کا بنیادی مرکز ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کیلئے سعودی حکومت کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں