وزیراعظم کے خطاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی انتھک کاوشوں کی تعریف

پنجاب کی خوش بختی ہے کہ اسے عثمان جیسا لیڈر ملا، اس کی عزت آپ کی عزت ہے میچ بڑے کھلاڑیوں سے نہیں ، جیت کے جذبے سے جیتا جاتا ہے ، وزیراعظم کا خراج تحسین

اتوار 23 ستمبر 2018 21:50

لاہور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ اور سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی انتھک محنت اور شب و روز کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سردار عثمان بزدار ٹیم لیڈر ہیں اور پوری ٹیم کو ان کی قیادت میں تبدیلی کیلئے کام کرنا ہے کیونکہ لوگوں کی توقعات بہت بڑی ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ آپ سرکاری محکموں کو چیک کریں اور ان کی کارکردگی کا تجزیہ کرکے بہتری کی تجاویز سامنے لائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ میچ جیتنے کیلئے ٹیم لیڈر کا وژن کام کرتا ہے۔ میچ بڑے کھلاڑیوں سے نہیں بلکہ جیت کے جذبے سے جیتا جاتا ہے اور پنجاب میں عثمان بزدار ٹیم لیڈر ہیں اور ان کی سربراہی میں سٹیٹس کو کے خلاف میچ جیتنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پہلی مرتبہ پنجاب میں ایک ایسا وزیراعلیٰ آیا ہے جو ایماندار ہے اور اس کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے لیکن یہ سب کو عزت دیتا ہے۔ صبح سے شام تک اور ہفتے کے سات دن عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہے اور آپ کیلئے موجود ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی خوش بختی ہے کہ اسے عثمان جیسا لیڈر ملا۔ اس کی عزت آپ کی عزت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں