پاکستان کو اس کی اصل منزل سے ہٹانے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں،کپتان نے پاکستان کو اس کی منزل کی طرف رواں دواں کر دیا، نئے پاکستان میں کمز ور اور غریب کو بھی ان کا حق ملے گا، وزیراعلی پنجاب کی مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو

وزیراعلی نے لوگوں کے مسائل سنے اور انکے حل کیلئے احکامات جاری کئے

اتوار 23 ستمبر 2018 21:50

لاہور۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے نئے پاکستان کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور یہ وہ پاکستان ہے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے دیکھاتھا۔ وزیر اعلی آفس میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بانیان پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دے رہے ہیں۔

نئے پاکستان میں کمز ور اور غریب کو بھی ان کا حق ملے گا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے بے پناہ کام کیا گیا ہے۔پاکستان کو اس کی اصل منزل سے ہٹانے والے ملک و قوم کے مجرم ہیں۔

(جاری ہے)

کپتان نے پاکستان کو اس کی منزل کی طرف رواں دواں کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا انقلابی وژن ملک و قوم کی تقدیربدلے گا۔تحریک انصاف کی حکومت عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔خصوصاً دیہات اورکم ترقی یافتہ شہروں میں مقیم روزگارکے مواقع پیدا کرنے پر زوردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی وضع کردہ پالیسیاں خوشحال پاکستان کی ضامن ہوں گی۔ کرپشن کا خاتمہ کر کے شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کو اپنایا جائے گا۔وزیراعلی نے اس موقع پر لوگوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں