بغاوت کے مقدمے میں سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت نے صحافی سرل المیڈا کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 24 ستمبر 2018 11:52

بغاوت کے مقدمے میں سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24ستمبر 2018ء) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،نواز شریف اور صحافی سرل المیڈا کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے سر المیڈا اور سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں جب کہ ڈی آئی جی آپریشنز نے آئندہ سماعت پر سرل المیڈا کی پیشی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔عدالت نے سرل المیڈا کا نام ای سی ایل میں بھی شامل کر نے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے سرل المیڈا، نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف متنازعہ انٹرویو کی وجہ سے مقدمہ درج کرنے کی سرخواست کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف نے نجی اخبار کے رپورٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے ملکی اداروں کے خلاف گفتگو کی اور ملکی راز افشاء کئے جبکہ بطور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی معلومات فراہم کرکے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی، نواز شریف نے متنازعہ انٹرویو دیکر ملک و قوم سے غداری کی، ان کے خلاف بغاوت کے الزام کے تحت کارروائی کی جائے۔

ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سرل المیڈا نے اخبار میں لکھا تھا کہ ایک وزیراعظم کیلئے 20 پاکستانی قطارمیں لگے ہوئے ہیں جوضرورت پڑنے پراپنی ماں بیچنے کوبھی تیارہیں۔عدالت اس سے قبل بھی سرل المیڈا کو نوٹس جاری کر چکی ہے تاہم آج عدالت نے بغاوت کے مقدمے میں صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے عدالت نے سرل  المیڈا کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں