ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی ہیڈآفس کو کثیر المقاصد ’’ہائی رائز بلڈنگ ‘‘ میں تبدیل کرنے بارے اہم بریفنگ

کاروباری مراکز کے جھرمٹ میں واقع ہونے کی وجہ سے سوشل سکیورٹی ہیڈآفس بلڈنگ کی بے حد کمرشل اہمیت ہے پرانی عمارت کی جگہ 140 فٹ بلند 12 سے 15 منزلہ بلند ہائی رائز بلڈنگ بنانے کی تجویز زیر غور ہے ‘انصر مجید خان

پیر 24 ستمبر 2018 16:47

ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی ہیڈآفس کو کثیر المقاصد ’’ہائی رائز بلڈنگ ‘‘ میں تبدیل کرنے بارے اہم بریفنگ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل انصر مجید خان کی زیر صدارت ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی ہیڈآفس جیل روڈ لاہور کی موجودہ عمارت کو کثیر المقاصد ’’ہائی رائز بلڈنگ ‘‘ میں تبدیل کرنے بارے اہم بریفنگ منعقد ہوئی ۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سوشل سکیورٹی نوید کھوکھر ، ڈائریکٹر آرکیٹکچررانا عتیق، ڈائریکٹر آئی ٹی رضوان جاوید، ڈائریکٹر فنانس محمد حلیم اور دیگر افسران نے بریفنگ میں شرکت کی۔

اس موقع پر کنسلٹنٹ کمپنی کے ماہرین نے سوشل سکیورٹی ہیڈآفس کو کثیر المنزلہ عمارت بنانے کے حوالے سے مجوزہ فزیبلٹی رپورٹ پیش کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کاروباری مراکز کے درمیان واقع ہونے کی وجہ سے سوشل سکیورٹی ہیڈآفس کی بلڈنگ کی بے حد کمرشل اہمیت ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین نے وزیر محنت انصر مجید خان کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 8.65 کنال اراضی پر محیط ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی ہیڈآفس کی پرانی عمارت کی جگہ 140 فٹ بلند 12 سے 15 منزلہ بلند کثیر المقاصد ہائی رائز بلڈنگ بنانے کی تجویز زیر غور ہے جہاں ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی کے دفاترکے علاوہ، ہیلتھ کیئر ، ایجوکیشن سیکٹر دفاتر ، بزنس آفسسز ،کانفرنس رومز، بنک، ریسٹورانٹس، جمنزیم ودیگر ملٹی نیشنل دفاتر کا قیام عمل میں لانے سے ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی کو کرایوں و دیگر مد میں حاصل ہونے والی آمدنی مزدور طبقے کی فلاح وبہبود پر خرچ ہو سکے گی۔

صوبائی وزیر محنت انصر مجید خان نے کنسلٹنٹ کمپنی کو ہدایات جاری کیں کہ مجوزہ ہائی رائز بلڈنگ میں پارکنگ ، ائیرکنڈیشنگ، فائر سیفٹی اور ایمرجنسی کی صورت میں متبادل راستے سمیت تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انصر مجید خان نے کہا کہ ادارہ کی بلڈنگ کثیر المنزلہ تجارتی مراکز کے جھرمٹ میں واقع ہے ۔ نیزموجودہ دو منزلہ عمارت بہت پرانی ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عمارت کی جگہ کثیر المنزلہ بلڈنگ کی تعمیر کی تجویز گذشتہ دور حکومت سے زیر غور چلی آرہی ہے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت کے زیر تحت جلد ہی اس حوالے سے مثبت پیش رفت سامنے آئے گی ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں