ملکی تعمیر و ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات نا قابل فراموش رہی ہیں ‘عبدالعلیم خان

پنجاب میں موثر اور عوامی خدمت پر مبنی بلدیاتی نظام لا رہے ہیں ‘برطانوی ممبر پارلیمنٹ سے گفتگو

پیر 24 ستمبر 2018 19:14

ملکی تعمیر و ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات نا قابل فراموش رہی ہیں ‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک سے ہزاروں میل دو ر بسنے والے سمندر پار پاکستانیوں کی ملکی تعمیر و ترقی کیلئے خدمات نا قابل فراموش ہیں جنہوں نے ہمیشہ نہ صرف مشکل کی گھڑی میں وطن عزیز کا ساتھ دیا ہے بلکہ تبدیلی کے اس سفر میں عمران خان کے شانہ بشانہ چلے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ممبر پارلیمنٹ فیصل رشید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ لاہور میں اُن سے ملاقات کی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے جا رہی ہے اور پنجاب میں موثر ترین اور عوامی خدمت پر مبنی ایسا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس میں ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر ویلج کونسل اور نیبر ہڈ کونسلز تشکیل دی جائیں گی ،ایک حلقہ 10سی20ہزار آبادی پر مشتمل ہو گا اور پنجاب حکومت اپنے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا30فیصد بلدیاتی اداروں کیلئے مختص کرے گی ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے بتایا کہ نئے بلدیاتی نظام میں کونسلر کو بھی مالیاتی اور انتظامی طور پر با اختیار بنایا جا رہا ہے اور مئیر و ڈپٹی مئیر کے انتخابات بلا واسطہ طور پر ہوں گے جس میں پر شہری ووٹ دے کر منتخب کرے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا ویژن پاکستان کے عوام کو70سال سے رائج روائتی سیاسی و انتظامی شکنجے سے نجات دلانا ہے جس کیلئے پہلے ہی مہینے میں عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سینئر وزیر نے برطانوی ممبر پارلیمنٹ سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور اُن کے دورہ لاہور کا خیر مقدم کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مطالبے پر ہی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جا رہا ہے جس سے اُن کی وطن عزیز کے معاملات میں مزید شمولیت ممکن ہو گی۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سمندر پار پاکستانی موجودہ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے اور ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے میں اُسی طرح حصہ لیں گے جسے وہ ماضی میں کرتے رہے ہیں۔

برطانوی ممبر پارلیمنٹ فیصل رشید نے اپنی گفتگو میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر عبدالعلیم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے موجودہ حکومت کی کامیابیوں کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ،انہوں نے برطانیہ میں موجود مقامی حکومتوں کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ خود بھی کونسلر اور مئیر منتخب ہونے کے بعد برطانیہ کے پارلیمنٹ کے رکن بنے ہیں ،انہوں نے اپنے دورہ لاہور کو یادگار قرار دیتے ہوئے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے اپنی ملاقات کو انتہائی خوشگوار سمجھتے ہیں ،صوبائی وزیر میاں خالد محمود،سابق سیکرٹری لوکل گورنمنٹ چوہدری فاروق اور چیئرمین واک لائن چوہدری وحید فاروق بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں