وزیر صحت سے مذاکرات کامیاب،ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کردی

طبی مراکز میں ڈاکٹرز کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کے حوالے سے جلد کمیٹی بنانے پر اتفاق پنجاب میں بھی ڈاکٹرز پروٹیکشن بل متعارف کرایا جائیگا،یاسمین راشد

پیر 24 ستمبر 2018 20:24

وزیر صحت سے مذاکرات کامیاب،ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال ختم کردی
لاہور۔24 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کے مذاکرات کامیاب ہونے پر وائے ڈی اے نے سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈی میں ہڑتال فوری طور پر ختم کردی ہے،چیئرمین وائے ڈی اے پنجاب ڈاکٹر حیدر کی سربراہی میں وفد نے صوبائی وزیر سے مذاکرات کئے، اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ برائے صحت حنیف خان پتافی بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران طبی مراکز میں ڈاکٹرز کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے اقدامات کے حوالے سے جلد کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا، وائے ڈی اے کے مطالبے پر ڈاکٹرز کے مسائل پر غور اور ضروری ایکشن کیلئے ایک فوکل پرسن بھی مقرر کردیا گیا، ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ رحیم یار خان کے واقعے کے بعد حکومت نے کسی کے مطالبے کے بغیر ایکشن لیا، لیڈی ڈاکٹر کو ہراساں کرنے والا ملزم فوری گرفتار کرلیا گیا جبکہ محرم کی چھٹیوں کے باوجود انکوائری کمیٹی قائم کرکے غفلت اور غیر ذمہ داری پر پرنسپل شیخ زاید میڈیکل کالج رحیم یار خان اور ایم ایس ہسپتال کو معطل کردیا گیا، اس کے بعد اس معاملے پر احتجاج غیرضروری تھا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو مسیحا اسی لئے کہا جاتا ہے کہ وہ انسانی جان بچاتے ہیں، احتجاج کرنا کوئی جرم نہیں لیکن مریضوں کو پریشان کئے بغیر متعلقہ فورمز پر احتجاج کرنا چاہئے، میں خود ایک ڈاکٹر ہوں اورڈاکٹر کمیونٹی کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، وزیر صحت نے کہا کہ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے، خیبر پختونخوا کی طرز پر پنجاب میں بھی ڈاکٹرز پروٹیکشن بل متعارف کرایا جائیگا، اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کی تجاویز لی جائیں گی، چیئرمین وائے ڈی اے پنجاب ڈاکٹر حیدر نے کہا کہ وزیر صحت کی یقین دہانی پر مطمئن ہیں، رحیم یار خان کے واقعے پرمحکمہ صحت نے جو فوری ایکشن لیا وہ قابل تحسین ہے، مجوزہ ڈاکٹرز پروٹیکشن بل پر مشاورت کرکے جلدتجاویز دیں گے، وائے ڈی اے نے پنجاب بھر میں احتجاج ختم کردیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں