اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی تبدیلی کا دوسرا نام ہے‘چوہدری محمد سرور

عوام کی خواہشات کا احترام اور بنیادی ضروریات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح ہی نہیں بلکہ بنیادی منشور ہے‘گورنر پنجاب

پیر 24 ستمبر 2018 20:30

اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی تبدیلی کا دوسرا نام ہے‘چوہدری محمد سرور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ہی تبدیلی کا دوسرا نام ہے، عوام کی خواہشات کا احترام اور بنیادی ضروریات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح ہی نہیں بلکہ بنیادی منشور ہے۔ اِ ن خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں صوبائی وزیر فنانس مخدوم ہاشم جوان بخت اور صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ انتظامی معاملات پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرصوبائی وزراء نے گورنر پنجاب کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اداروں کو مضبوط اور بااختیار بنایا جائے گا تاکہ عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اختیارات کی مرکزیت کی بجائے نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے اور لوکل گورنمنٹ کا نیا سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے جس کے تحت یونین کونسلز کو ترقیاتی بجٹ کا 30فیصد حصہ اِنہیں دیا جائے گا تاکہ وہ اپنے علاقے کے ترقیاتی کام خود کرواسکیں۔

اُنہوںنے کہا کہ عوام کے فنڈز اِن کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کئے جائیں گے۔گورنرنے کہا کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اِس سلسلے میں جامع حکومت عملی مرتب کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود اور انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ دریں اثناہء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر ہائوس لاہورمیںوائس چانسلر گریژن یونیورسٹی لاہور میجر جنرل(ر) عبیدبن زکریا اور سابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل (ر) آصف سندھیلہ نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ تعلیمی اداروں اور نظام تعلیم کو بہتر بنانے پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں