بلدیاتی اداروں کو حقیقی معنوں میں مضبوط اور فعال بنایا جائے گا ، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار

منگل 25 ستمبر 2018 19:34

بلدیاتی اداروں کو حقیقی معنوں میں مضبوط اور فعال بنایا جائے گا ، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار
لاہور۔25 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو حقیقی معنوں میں مضبوط اور فعال بنایا جائے گا اور اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں گے تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں اورانہیں ریلیف مل سکے کیونکہ تحریک انصاف کا ایجنڈا عوام کو سہولتیں فراہم کرنا اوران کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف مشاورت کے ساتھ نیا بلدیاتی نظام لا رہی ہے اوراس نئے بلدیاتی نظا م کے تحت عوام کو ریلیف ملے گاکیونکہ نئے پاکستان میں فرسودہ بلدیاتی نظام کی کوئی گنجائش نہیں ،موجودہ نظام عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل کرنے میں ناکام رہا ہے اور بلدیاتی اداروں کوبے اختیار رکھا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت بلدیاتی نمائندوں کو اختیار بھی دے گی اورچیک اینڈ بیلنس بھی رکھے گی۔

عوام کے نمائندے عوام کو جوابدہ ہونگے۔نئے بلدیاتی نظام کا محور عوام ہیں،جن کے مسائل ان کے دروازے پر حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نیا بلدیاتی نظام موجودہ فرسودہ سٹیٹس کو ختم کرے گا۔نئے بلدیاتی نظام سے پسماندہ علاقوں کے مسائل کے حل میں نمایاں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے بلدیاتی اداروں کو درست سمت فعال بنایا جارہاہے۔

نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں میں چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا۔نئے نظام میں شفافیت کوہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسا نظام وضع کیا جارہا ہے جس سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔بلدیاتی نظام عوام کا نظام ہوگا اوروہی اس میں بااختیار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں جزا اور سزا کا نظام بھی ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں