پی ٹی آئی کی نام نہاد تبدیلی عوام کیلئے ڈرائونے خواب میں تبدیل ہو رہی ہے‘ترجمان بلاول بھٹو

حکومت کے پاس مہنگائی اور غریب عوام پر بوجھ ڈالنے کے سوا کوئی ویژن نہیں،عمران خان خود کو سلیکٹ وزیر اعظم ثابت کررہے ہیں

بدھ 26 ستمبر 2018 15:58

پی ٹی آئی کی نام نہاد تبدیلی عوام کیلئے ڈرائونے خواب میں تبدیل ہو رہی ہے‘ترجمان بلاول بھٹو
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی نام نہاد تبدیلی تیزی سے عوام کیلئے ڈرائونے خواب میں تبدیل ہو رہی ہے، حکومت کے پاس مہنگائی اور غریب عوام پر بوجھ ڈالنے کے سوا کوئی ویژن ہے ہی نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پہلے گیس، یوریا اور دیگر اشیا اور اب بجلی کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں، کہنا نہیں چاہتے لیکن حکمران ہر معاملے میں جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، کہا گیا کہ گیس کے نرخ نہیں بڑھا رہے چند دنوں میں گیس کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دیں، کل ہی حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ موخر کرنے کا اعلان کیا تھا، ابھی چوبیس گھنٹے ہی نہیں گذرے کے بجلی کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ اندرونی اور خارجہ امور پر حکومت کے فیصلے اور یوٹرن پاکستان کی جگ ہنسائی کا سبب بن رہے ہیں، وزیراعظم نے ہر ماہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا اب وہ بھی واپس لے لیا، جس حکومت کے پاس خالی دعوے ہوں اس کا وزیراعظم کیا کارکردگی پیش کرے گا، عمران خان تیزی سے ثابت کر رہے ہیں کہ وہ ویژن سے عاری سیلیکٹ پرائم منسٹر ہی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں