صوبائی حکومت نے پنجاب میں لیپ ٹاپ اسکیم ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا

لیپ ٹاپ اسکیم ختم کر کے کمپیوٹر لیبز بنائیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم مراد راس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 26 ستمبر 2018 16:00

صوبائی حکومت نے پنجاب میں لیپ ٹاپ اسکیم ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر 2018ء) : پنجاب حکومت نے سابق حکومت کی لیپ ٹاپ اسکیم ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا کہ ہم لیپ ٹاپ اسکیم ختم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ اسکیم ختم کر کے کمپیوٹر لیبز بنائی جائیں گی۔ مراد راس نے بتایا کہ پنجاب بھر سے دانش اسکول ختم نہیں کر ہے لیکن دانش اسکول پراجیکٹ میں بھی ضروری اصلاحات لائیں گے۔

صوبے کے تعلیمی اداروں سے فیسوں کی مد میں بھاری رقوم وصول کرنے کا کلچر ختم کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں طلبا کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت میرٹ پر پُورا اُترنے والے طلبا میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے جاتے تھے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کی اس اسکیم میں بھی میگا کرپشن کا انکشاف ہوا تھا۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد ان سے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے اسکینڈل کےساتھ ساتھ لیپ ٹاپ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات بھی کی گئیں۔

نیب ذرائع کے مطابق احد چیمہ پر الزام عائد تھا کہ انہوں نے نجی کمپنی سے 20 ہزار والا لیپ ٹاپ 38 ہزار میں خریدا اور محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے رسیدیں 38 ہزار روپے کے حساب سے تیار کیں۔ لیپ ٹاپ کی قیمت کی مد میں پنجاب بینک کی سکیرٹریٹ برانچ سے کمپنی کو ایک ارب 65 کروڑ کی ادائیگی کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف نے وفاق میں حکومت بنانے کے بعد وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کو بھی ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم کی لیپ ٹاپ اسکیم سمیت تمام اسکیموں کو ختم کیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد اب پنجاب میں سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کی لیپ ٹاپ اسکیم بھی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں