جنگی بنیادوں پر شعبہ صحت میں اصلاحات کا عمل شروع کردیا ‘یاسمین راشد

پنجاب کے ہسپتالوں میں حقیقی تبدیلی وقت کی ضرورت ہے‘وزیر صحت کی ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سے گفتگو عمران خان کا ویژن ہمارے لئے مشعل راہ ہے، پنجاب کے ہر محکمے میں کام ہوتا نظر آ رہا ہے‘ دوست محمد مزاری

بدھ 26 ستمبر 2018 17:00

جنگی بنیادوں پر شعبہ صحت میں اصلاحات کا عمل شروع کردیا ‘یاسمین راشد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں جنگی بنیادوں پر شعبہ صحت میں اصلاحات کا عمل شروع کردیا ہے،پنجاب کے ہسپتالوں میں حقیقی تبدیلی وقت کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی میر دوست محمد مزاری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی گھر کی دہلیز پر یقینی بنانا ہے۔

اس ضمن میں100روزہ پروگرام کے اہداف کا حصول ہماری اولین ترجیح ہے۔ بدقسمتی سے ماضی میں جنوبی پنجاب کو اس کا حق نہیں دیا گیالیکن اب وقت آگیا ہے کہ جنوبی پنجاب کو اس کا حق ادا کیا جائے۔ ملاقات میں دوطرفہ امور اور شعبہ صحت پر قانون سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر نے جنوبی پنجاب میں صحت کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ ہسپتالوں کی حالت زار بہتر کرنے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ محکمہ صحت کی ڈیلیوری سروس بہتر بنانے کے لئے پنجاب اسمبلی میں ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔ اس حوالے سے تنقید برائے تنقید کی بجائے تعمیری تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جو ذمہ داری سونپی ہے وہ پوری کروں گی۔ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیر صحت کی شبانہ روز محنت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ویژن ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔یہ اسی سوچ کا نتیجہ ہے کہ اس وقت پنجاب حکومت کے ہر محکمے میں کام ہوتا نظر آ رہا ہے۔ میر دوست محمد مزاری نے کہا کہ تعلیم اور صحت دونوں شعبے تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں اور عوام بالخصوص ان شعبوں میں بہتری چاہتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں