وزیراعلیٰ کا ’’کاشانہ‘‘اورسوشل ویلفیئر کمپلیکس میں گہوارہ، نشیمن، عافیت ، دارالسکون اور چمن کا دورہ

کاشانہ میںبے سہارا بچیوں سے ملاقات،بچیوں کے ساتھ وقت گزارا اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کیا وزیراعلیٰ کے ٹائون شپ میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام اداروں کے اچانک دورے ، سہولتوںپر عدم اطمینان کا اظہار مقرر کردہ مدت میں ادارے کے معاملات کو درست نہ کیا گیا تو متعلقہ حکام کے خلاف ایکشن لیا جائے گا‘وزیراعلیٰ عثمان بزدار

بدھ 26 ستمبر 2018 18:24

وزیراعلیٰ کا ’’کاشانہ‘‘اورسوشل ویلفیئر کمپلیکس میں گہوارہ، نشیمن، عافیت ، دارالسکون اور چمن کا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹائون شپ میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر انتظام اداروں کے اچانک دورے کئے اوران اداروں میں بے سہارا بچوں و بچیوں کے ساتھ خصوصی افرادکے لئے فراہم کی جانے والی سہولتوںپر عدم اطمینان کا اظہار کیا اورمتعلقہ حکام کی سرزنش کرتے ہوئے وارننگ جاری کی۔

وزیراعلیٰ نے ٹائون شپ میں سوشل ویلفیئر کے ادارے ’’کاشانہ‘‘ کا دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے بے سہارا بچیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا معائنہ کیااور بے سہارا بچیوں سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے بچیوںکے ساتھ وقت گزارا۔وزیراعلیٰ نے کچن، بچیوں کی رہائش گاہوں ، واش رومز اور دیگر کمروں کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے بچیوں سے ان کے مسائل پوچھے جس پر بچیوں نے بتایا کہ یہاں پر خاکروب نہیں ہے اورہمیں خود صفائی کرنا پڑتی ہے ۔

(جاری ہے)

بچیوں نے مزید بتایاکہ لان میں گھاس کاٹنے کے لئے مالی بھی موجود نہیںجبکہ ٹیچراور آیا بھی نہیں ہیں ،جس پر وزیراعلیٰ نے برہمی کا اظہار کیا اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادارے کیلئے خاکروب آیا، مالی اور ٹیچر کو ہنگامی بنیادوں پر بھرتی کیا جائے اورمجھے اس کی رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوںنے کہا کہ ان بچیوں کی مناسب دیکھ بھال بہت ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے بچیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ہر ضرورت پوری کریں گے اورآپ کو کوئی تکلیف نہیں ہونے دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ آپ کو دی جانے والی سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ واش رومز میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوںنے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ بے سہارا بچیوں کی دیکھ بھال ہمارا دینی اور قومی فریضہ ہے۔

نبی آخرالزمانؐ نے بھی بے سہاروں پر دست شفقت رکھنے کی تلقین کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ٹائون شپ میں سوشل ویلفیئر کمپلیکس کابھی دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے بے سہارا بچوں کیلئے قائم ادارے گہوارہ، خصوصی افراد کیلئے قائم ادارے نشیمن، بے سہارا بزرگوں کیلئے قائم ادارے عافیت ، ذہنی امراض میں مبتلا افراد کے ادارے دارالسکون اور ذہنی معذور بچوں کے ادارے چمن کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے ان اداروں میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے بے سہارا اور معذور بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور انہیں پیار کیا۔وزیراعلیٰ نے صفائی کی نامناسب صورتحال اور لان میں جھاڑیوں اور بڑھی ہوئی گھاس پر برہمی کا اظہارکیااورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کو بہتر بنایا جائے اورلان میں گھاس کو کاٹا جائے۔

وزیراعلیٰ نے جب وہاں موجود عملے سے پوچھا کہ بے سہارا بچوں اورذہنی امراض میں مبتلا بچوں کا باقاعدہ چیک اپ ہوتا ہے توعملہ تسلی بخش جواب نہ دے سکا ،جس پر وزیراعلیٰ نے بچوں کا باقاعدہ چیک اپ نہ کیے جانے پر متعلقہ حکام کی سرزنش کی۔انہوںنے کہا کہ میں 10 دن کی مہلت دیتا ہوں، معاملات درست کئے جائیں۔ معاملات اس طرح نہیں چلیں گے، یہ میری پہلی اور آخری وارننگ ہے۔

مجھے باتیں نہیں، کام چاہیئے۔ انہوںنے کہا کہ مقرر کردہ مدت میں ادارے کے معاملات کو درست نہ کیا گیا تو متعلقہ حکام کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بچوں کے کمروں میں پنکھوں کی تعدادمیں اضافہ کیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے عافیت میںرہائش پذیر بزرگ مرد و خواتین سے ملاقات کی۔بزرگوں نے وزیراعلیٰ کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اوران سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج تک کوئی وزیراعلیٰ یہاں نہیں آیااورآپ کا یہاں آنا حقیقی تبدیلی ہے۔

آپ نے یہاں آ کر ہمارے مسائل سنے اور دلجوئی کی،جس پر ہمیں بہت مسرت ہوئی ہے ۔وزیراعلیٰ نے گہوارہ میں بے سہارا بچوں، نشیمن میں خصوصی افراد، دارالسکون میںذہنی امراض میں مبتلا افراد اورچمن میں ذہنی معذور بچوں کیساتھ پیار کیا اوران کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے عافیت میںبے سہارا بزرگوںسے ان کے مسائل دریافت کیے اورسہولتوں کے بارے میں پوچھا۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر سوشل ویلفیئرمحمد اجمل چیمہ کو ہدایت کی کہ وہ سہولتوں کی بہتری کیلئے دی جانے والی ہدایات پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لیں اوران اداروں کا باقاعدگی سے دورہ کریں تاکہ یہاں رہنے والے بچوں اوردیگر ا فرادکو فراہم کی جانے والی سہولتوں میںبہتری لائی جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ بے سہاروں کا سہارا بننے والے دین اور دنیا دونوں کماتے ہیںاورمعاشرے کے ہر طبقے کو ایسے نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔یہاں رہنے والے افراد ہم سب کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔انہوںنے کہا کہ ان کا ہر طرح سے خیال رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر محمد اجمل چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں