قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کیلئے بہت کام کرنے کی گنجائش ہے ‘عبدالعلیم خان

پولیس کے منفی رویے کے بارے میں مائنڈ سیٹ موجود ہے ،اصلاحات لانا ہونگی‘سینئر صوبائی وزیر

بدھ 26 ستمبر 2018 19:21

قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کیلئے بہت کام کرنے کی گنجائش ہے ‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور عام آدمی کو بر وقت انصاف کی فراہمی کیلئے بہت کام کرنے کی گنجائش موجود ہے جس کیلئے موجودہ حکومت نے اپنے پہلے دن سے ہی درست سمت میں کام شروع کر دیا ہے اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں تبدیلی کے واضح اشارے نظر آنا شروع ہو جائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن کے 2رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جن میں رول آف لا ء کی ہیڈ سوژن لاف ہیڈ اور رول آف لاء ایڈوائزر سائمن کارٹر شامل تھے جبکہ پرونشل ہیڈ افتخار احمد راؤ اور مصطفی عمر اُن کی معاونت کر رہے تھے ، سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت سے عوام کو بہت بڑی توقعات وابستہ ہیں اور ہر شہری عمران خان کو آخری امید سمجھتا ہے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں لوگوںکے مسائل حل کرنا ہیں اور اُن کی امیدوں کو ٹوٹنے نہیں دینا ، سینئر وزیر نے برطانوی وفد کی طرف سے معاونت کی پیشکش کو انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تھانہ کلچر میں بہتری لانے اور پراسکیوشن و جوڈیشل ریفارمز کے اسی ماڈل پر صوبہ خیبر پختونخوا میں عمل ہو چکا ہے جسے پنجاب میں بھی لاگو کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ پولیس کے منفی رویے کے بارے میں مائنڈ سیٹ موجود ہے لوگوں کی سب سے پہلی شکائیت اسی بارے میں ہوتی ہے اور ہمیں تھانہ کلچر میں عملی تبدیلی لانے اور پولیس کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانا ہونگی جس کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر عملی طور پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ،انہوں نے کہا کہ برطانوی ادارے کی معاونت کیلئے تمام متعلقہ محکموں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہو گا تاکہ ایک ہی جگہ اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز اکٹھے ہو سکیں ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے وفد کے شرکاء کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور اُن کی طرف سے پیش کی گئی خدمات پر شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

اپنی گفتگو میں برطانوی ہائی کمیشن کی سوژن لاف ہیڈ اور سائمن کارٹر نے بتایاکہ اُن کی سفارشات پر گزشتہ ڈیڑھ برس سے صوبہ خیبر پختونخوا میںعمل کیا جا رہا ہے جبکہ یہی پراجیکٹ پنجاب کی ماضی کی حکومت کو دیا گیا تھا جس نے نا معلوم وجوہات کی بنا ء پر اس پر کام کی رفتار انتہائی کم کر دی ،انہوں نے پاکستان اور پنجاب میں نئی حکومتوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات سے متفق ہیں بالخصوص عمران خان کا ملک گیر تبدیلی لانے کا عزم لائق تحسین ہے ،وفد کے شرکا ء نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی اور توقع کا اظہار کیا کہ ان اقدامات پر عمل کرنے سے دہشتگردی میں کمی سمیت عام آدمی کو خاطرخواہ ریلیف حاصل ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں