حکومت صحت کے شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کرارہی ہے،چوہدری سرور

کم آمدنی والے افراد کے علاج معالجہ کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کئے جائیں گے،گورنرپنجاب

ہفتہ 6 اکتوبر 2018 21:52

حکومت صحت کے شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کرارہی ہے،چوہدری سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے صحت کے شعبہ میں اصلاحات متعارف کروا رہی ہے ،کم آمدنی والے افراد کے علاج معالجہ کے لئے ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کئے جائیں گے، میڈیکل کے شعبہ میں تحقیق اور علاج معالجہ کے لیے چینی ماہرین کے تجربات سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔

ان خیالا ت کا اظہار انہو ں نے یہاں گورنرہاؤس میں غیر ملکی ڈاکٹروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ‘وفد کی قیادت پروفیسر ظفراللہ چوہدری صدر کالج آف فزیشن اینڈ سرجن پاکستان کر رہے تھے‘ وفد میں چین ، کینڈا ، ترکی ، سری لنگا ، انگلینڈ اور ارجنٹائن کے ڈاکٹروں کے علاوہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر خالد مسعود گوندل بھی شامل تھی-گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوتے جا رہے ہیں اور یہ دوستی میں تبدیل ہو چکے ہیں - انہو ںنے کہا کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ خطہ کی ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہے اور یہ کسی ملک کے خلاف نہیں - انہو ںنے کہا کہ صحت کے شعبے میں چینی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی - انہو ںنے کہا کہ وفود کے تبادلوں سے بہت کچھ سیکھنے میں مدد ملتی ہے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے وفد کے ارکان سے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پاکستان تحریک انصاف سے بہت توقعات وابستہ ہیں اور انشاء اللہ حکومت ان کی توقعات پر پورا اترے گی - انہو ںنے کہا کہ نوجوان طبقہ وزیر اعظم عمران خاں کے ساتھ ہے‘ صحت اور تعلیم کے شعبے ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں - انہو ںنے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ اور امپورٹ میں بہت زیادہ فرق ہے اوراس خسارہ کو کم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اختیارات کی مرکزیت کی بجائے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوکل باڈیز سسٹم میں ترامیم لائی جا رہی ہیں - گورنر پنجاب نے کہا کہ ویلج کونسل کو مالی اور انتظامی اختیارات دیے جائیں گے اور ترقیاتی بجٹ کاتیس فیصد حصہ ویلج کونسلز کو دیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں