آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کی گرفتاری کو مسلم لیگ ن نے کیش کروانے کا فیصلہ کر لیا

ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم جاری رہے گی ، عوام کی ہمدردی حاصل کر کے ووٹ بنک بڑھانے کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 8 اکتوبر 2018 11:23

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کی گرفتاری کو مسلم لیگ ن نے کیش کروانے کا فیصلہ کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اکتوبر 2018ء) : نیب حوالات میں قید مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی گرفتاری کو ان کی جماعت نے پوری طرح کیش کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے پارٹی صدر کی گرفتاری پر احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ ضمنی انتخاب کے لیے اپنی انتخابی مہم مسلسل چلانے کا فیصلہ کیا ہے ، یہی نہیں پارٹی صدر کی گرفتاری اور پارٹی قائد کی عدالت میں پیشیوں پر عوام کی ہمدردی حاصل کر کے ووٹ بنک بڑھانے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔

انتخابی مہم  میں یہ بیانیہ اپنایا جائے گا کہ پارٹی قائد عدالتوں کی پیشیاں بھُگت رہے ہیں، عام انتخابات سے 10 روز قبل پارٹی قائد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ضمنی انتخاب سے 10 روز قبل پارٹی صدر کو گرفتار کیا گیا جو سیاسی انتقام کی بد ترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

البتہ احتجاج میں تھوڑی نرمی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ضمنی انتخاب سے قبل کسی قسم کی مشکل صورتحال سے نہ گزرنا پڑے۔

مسلم لیگ ن کی حکمت عملی اپنائی ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری پر احتجاج تو کیا جائے گا لیکن اس احتجاج میں شدت لانے سے گریز کیا جائے گا کیونکہ اگر شدید احتجاج کیا گیا تو مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کا امکان ہے۔ گرفتاری کی صورت میں پارٹی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ایسی صورتحال میں پارٹی کی تمام تر توجہ گرفتار رہنماؤں اور کارکنان کو چھُڑوانے کی طرف مبذول ہو جائے گی جس سے ضمنی انتخاب کی مہم بُری طرح متاثر ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کو قومی و صوبائی اسمبلی میں بھرپور نمائندگی کے ساتھ بلدیاتی اداروں میں دو تہائی سے زائد اکثریت حاصل ہے لیکن پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو طاقت کے مظاہرے کے لیے سڑکوں پر آنے کی اجازت نہیں دی گئی البتہ ضمنی انتخاب کے بعد مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں