سی ای سی کا نوازشریف کو مزاحمتی سیاست کا مشورہ

حالات کا تقاضا ہے کہ اب ہمیں باہرنکلنا ہوگا، اگرہم باہرنہ نکلے توانتقامی کارروائیاں مزید تیزہوجائیں گی۔ ن لیگی ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 اکتوبر 2018 15:27

سی ای سی کا نوازشریف کو مزاحمتی سیاست کا مشورہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے نوازشریف کو مزاحمتی سیاست کا مشورہ دے دیا، حالات کا تقاضا ہے کہ اب ہمیں باہرنکلنا ہوگا، اگرہم باہرنہ نکلے توانتقامی کارروائیاں مزید تیزہوجائیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں مسلم لیگ ن کےقائد سابق وزیراعظم نوازشریف، شاہد خاقان عباسی، حمزہ شہبازشریف، پرویز ملک، شائستہ پرویز، آصف کرمانی، مشاہد اللہ خان، پرویز رشید سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں پارٹی قیادت نے نوازشریف کو شہبازشریف کی بلاجواز اور من گھڑت الزامات کے نتیجہ میں گرفتاری کی مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنماؤں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ صدر ن لیگ اور اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کو نیب نے صاف پانی کمپنی کیس میں بلا کر آشیانہ کیس میں گرفتار کرلیا۔ اسی طرح اسپیکر کی اجازت اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر گرفتار کیا گیا۔

مسلم لیگ نے شہبازشریف کی گرفتاری کو سیاسی انتقامی کاروائی قرار دیا۔ اس موقع پراجلاس میں نوازشریف کو پارٹی قیادت نے مشورہ دیا کہ اب کھل کر میدان میں نکلا جائے۔ سی ای سی ارکان نے نوازشریف کومزاحمتی سیاست شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب حالات ایسے بن گئے ہیں کہ اب ہمیں باہرنکلنا ہوگا۔ اگرہم باہرنہ نکلے توانتقامی کارروائیاں مزید تیزہوجائیں گی۔

تاہم ابھی ن لیگ کا سی ای سی کا اجلاس جاری ہے۔ جس میں سی ای سی کے ممبران نے شرکت کی۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف آج لاہور ہائیکورٹ میں بھی پیش ہوئے۔ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے خلاف غداری کے الزام میں کارروائی کی درخواست پر سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت میں اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی طلب کرلیا ہے۔

جبکہ صحافی سرل المیڈا کے ناقابل ضمانت وارنٹ منسوخ کرتے ہوئے انکا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ روز جسٹس مظاہر نقوی کی سربراہی میں جسٹس عاطر محمود اور جسٹس مسعود جہانگیر پر مشتمل3 رکنی فل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔سابق وزرائے اعظم نواز شریف ،شاہد خاقان عباسی اور صحافی سرل المیڈا عدالت میں پیش ہوئے۔عدالتی کارروائی شروع ہوئی تو کمرہ عدالت میں شدید رش کے باعث دونوں وزرائے اعظم کو روسٹرم پر نہیں بلایا گیا اور صرف چہرہ دیکھنے کے بعد کارروائی کا آغاز کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں