عمران خان کے دور حکومت میں ماضی کی غلط پالیسیاں نہیں چلیں گی ‘عبدالعلیم خان

پنجاب میں ہر طرح کی سرمایہ کاری کو تحفظ دینگے ، کسی منصوبے میں کوئی کک بیک نہیں لے گا ‘سینئر صوبائی وزیر

پیر 8 اکتوبر 2018 19:10

عمران خان کے دور حکومت میں ماضی کی غلط پالیسیاں نہیں چلیں گی ‘عبدالعلیم خان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں وہ کچھ نہیں ہوگا جو پہلے ہوتا رہا اور نہ ہی ماضی کی غلط پالیسیاں چلیں گی ،ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ہر طرح کی سرمایہ کاری کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کریں گے اور کسی منصوبے میں کوئی کک بیک نہیں لے سکے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں 90شاہرائے قائد اعظم پر نیدر لینڈ کی سفیر آ رڈی سٹویوز بریکن سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عمران خان کے نئے ویژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور ہمارا مقابلہ کسی اپوزیشن سے نہیں بلکہ عوام سے کیے ہوئے اُن وعدوں سے ہے جنہیں پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومت درست سمت میں مناسب رفتار کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے ،پاکستان کے ہر شعبے میں بہت ٹیلنٹ ہے اصل مسئلہ اہل اور مناسب لیڈر شپ کا تھا اور عمران خان کی قیادت میں اب نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نیدر لینڈ سے صوبہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کو کامیابی سے آگے لے جائیں گے اور نئے سیکٹرز میں دو طرفہ تعاون کا خیر مقدم کیا جائے گا،سینئر وزیر نے کہا کہ ایڈ کی بجائے ٹریڈ کے سلوگن پر عملی طور پر کام کریں گے ،پاکستان کے عوام کو عمران خان سے بہت سے توقعات وابستہ ہیں جنہیں پورا کرنے کیلئے کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی بالخصوص سرمایہ کاری کا انحصار اُس کے معیشت کے استحکام پر ہوتا ہے اور بد قسمتی سے موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے معاشی حالات انتہائی قابل تشویش ہیں ،انہوں نے کہا کہ نئی حکومت نے پورے عزم اور یقین کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کر دیا ہے اور انشاء اللہ درپیش چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے اور حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نیدر لینڈ سے پنجاب حکومت دو طرفہ سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کا ہر سطح پر خیر مقدم کرے گی اور پنجاب میں وہ خود اس امر کی نگرانی کریں گے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کوئی مشکل درپیش نہ آئے ،انہوں نے نیدر لینڈ کی سفیر کو کسی بھی رکاوٹ کے پیش آنے پر اُن سے بلاواسطہ رابطے کی پیشکش کی ۔

(جاری ہے)

نیدر لینڈ کی سفیر آر ڈی سٹویوز بریکن نے نئی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے سینئر وزیر کو آگاہ کیا کہ اُن کا ملک پاکستان بالخصوص پنجاب میں زراعت ،لائیو سٹاک ، ڈیری ڈویلپمنٹ ،واٹر مینجمنٹ اور خواتین کی ترقی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون سے شروع ہونے والے منصوبوں کو اہمیت دے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت کی حالت باعث اطمینان نہیں اور اسے مضبوط بنانے کیلئے اُن کی طرف سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی ، انہوں نے سینئر وزیر پنجاب کو اپنے ملک کی طرف سے یادگاری سوؤنیر بھی پیش کی اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں