صوبے کے غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کا فیصلہ، عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا جائیگا،عثمان بزدار

وسائل میں اضافے کیلئے حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے جائینگے، محکموں میں مالی نظم و ضبط کو یقینی بنا کر عوام کو مزید سہولتیں دینگے‘ بچت، کفایت شعاری اور سادگی کو فروغ دیا جائیگا، غیر ضروری اخراجات کم کرکے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل مہیا کرینگے‘ عام آدمی کو بجٹ میں ریلیف دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ، بجٹ میں کوئی ایسا اقدام نہ کیا جائے جس کا اثر عام آدمی پر پڑے‘تبدیلی ہمارے پہلے بجٹ میں نظر آنی چاہئے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا اجلاس سے خطاب حکومتی سطح پر خرچے کم کرنے کیساتھ ریونیو بڑھانا ہوگا ،عبدالعلیم خان بجٹ حقیقت پسندانہ اعداد و شمار کا عکاس ہوگا، ہاشم جواں بخت وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیرصدارت اجلاس ،رواں مالی سال کے 8 ماہ کے بجٹ، ترقیاتی پروگرام اور وسائل بڑھانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا

پیر 8 اکتوبر 2018 19:15

صوبے کے غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کا فیصلہ، عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا جائیگا،عثمان بزدار
لاہور۔8اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں رواں مالی سال کے 8 ماہ کے بجٹ، ترقیاتی پروگرام اور وسائل بڑھانے کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میںصوبے کے غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل میں اضافے کیلئے حقیقت پسندانہ اہداف مقرر کئے جائیں گے اور محکموں میں مالی نظم و ضبط کو یقینی بنا کر عوام کو مزید سہولتیں دیں گے، انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر بچت، کفایت شعاری اور سادگی کو فروغ دیا جائیگا اور غیر ضروری اخراجات کم کرکے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل مہیا کریں گے اور عام آدمی پر بوجھ نہیں ڈالا جائیگا ، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ عام آدمی کو بجٹ میں ریلیف دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور بجٹ میں کوئی ایسا اقدام نہ کیا جائے جس کا اثر عام آدمی پر پڑے، انہوں نے کہا کہ تبدیلی ہمارے پہلے بجٹ میں نظر آنی چاہئے، انہوںنے کہا کہ ترقیاتی پروگرام میں پسماندہ علاقوں کو ترجیح دیں گے، ترقی یافتہ علاقوں کیلئے بھی وسائل مختص کئے جائیںگے، صوبے کے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے پہلے سے زیادہ توجہ دی جائیگی، بجٹ میں نعرے نہیں بلکہ عملی اقدامات نظر آئیںگے،جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی اورخوشحالی تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے اورہمارا ترقیاتی پروگرام جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ کریگا، سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکومتی سطح پر خرچے کم کرنے کے ساتھ ریونیو بڑھانا ہوگا اور وسائل میں اضافے کیلئے روایتی طریقہ کار ترک کرنا ہوگا اور اس مقصد کے حصول کیلئے محکموں کو جدت کے ساتھ نئے آئیڈیاز پر کام کرنے کی ضرورت ہے، صوبائی وزیر ہاشم جواں بخت نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا پہلا بجٹ حقیقت پسندانہ اعداد و شمار کا عکاس ہوگا، وزیراعلیٰ کو بجٹ، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور وسائل بڑھانے کے حوالے سے سفارشات کے بارے میں بریفنگ دی گئی، سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت، محسن لغاری، ملک انور، حافظ ممتاز احمد، عنصر مجید، محمد جہانزیب خان کھچی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں