کتاب سے بہترین دوست کوئی نہیں جس سے آپ کو کسی خطرے اور دھوکے کا شائبہ تک نہیں،چوہدری محمد سرور

کتاب شخصیات میں نکھار ، پختگی جب کہ علم میں اضافہ اور وقار کا موجب ہوتی ہے نوجوان نسل اس مقام تک باآسانی پہنچ سکتی ہے جہاں ترقی یافتہ ممالک کھڑے ہیں اگر وہ اپنا رشتہ اور ناطہ کتاب سے جوڑ لیں قائد اعظم لائبریری کو اعلیٰ معیار کی لائبریری بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ حاصل کر سکیں، گورنرپنجاب

پیر 8 اکتوبر 2018 19:51

کتاب سے بہترین دوست کوئی نہیں جس سے آپ کو کسی خطرے اور دھوکے کا شائبہ تک نہیں،چوہدری محمد سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2018ء) گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کتاب سے بہترین دوست کوئی نہیں جس سے آپ کو کسی خطرے اور دھوکے کا شائبہ تک نہیں ۔ کتاب شخصیات میں نکھار ، پختگی جب کہ علم میں اضافہ اور وقار کا موجب ہوتی ہے ۔ نوجوان نسل اس مقام تک باآسانی پہنچ سکتی ہے جہاں ترقی یافتہ ممالک کھڑے ہیں اگر وہ اپنا رشتہ اور ناطہ کتاب سے جوڑ لیں۔

قائد اعظم لائبریری کو اعلیٰ معیار کی لائبریری بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے استفادہ حاصل کر سکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں قائد اعظم لائبریری باغ جناح لاہور کا دورہ کرتے ہوئے وہاں پرموجود طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج دٖنیا میں وہی قومیں ترقی کی معراج کو چھو رہی ہیں جہاں علم اور کتاب کو اپنی تعلیم کی بنیاد قرار دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

آپ پوری دنیا کا جائزہ لیں تو دیکھیں گے کہ لوگ فارغ وقت میں مطالعہ کتاب کو اپنا بہترین مشغلہ تصور کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ بات افسوس سے کہی جا سکتی ہے کہ ہمارے ہاں کتاب سے وابستگی لا تعلقی میں بدل گئی ہے اس رحجان کو ختم ہونا چاہے ۔ گورنر نے کہا کہ لائبریریاںدماغ کی صنعتیں ہوتی ہیں انہیں ہر صورت آباد رہنا چاہیے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکچر نے قائد اعظم لائبریری سے متعلق بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ قائد اعظم لائبریری کا قیام 1984 میں لایا گیا اور اس کا انتظام بورڈ آف گورنرز کے پاس ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ قائد اعظم لائبریری کے ممبران کی تعداد 55 ہزار سے زائد ہیں اور روزانہ سینکڑوں لوگ لائبریری آتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں مختلف موضوعات کی ایک لاکھ چالیس ہزار کے قریب کتب موجود ہیں اس کے علاوہ قرآن پاک کا نادر نسخہ بھی موجود ہے ۔

اس کے علاوہ کمپیوٹر لیب اور وائی فائی کی سہولت بھی موجود ہے ۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے باغ جناح میں پودا بھی لگایا ۔دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے سٹیشن کمانڈر نیوی لاہور کموڈور نعمت اللہ نے آج گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے علاوہ پاکستان نیوی کی پیشہ وارانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نیوی کی ملکی سمندری حدود کی حفاظت کے لئے گراں قدر خدمات قابل تحسین ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کی 22کروڑ عوام اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے افواج پاکستان کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ملاقات کے بعد گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اسٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور نعمت اللہ کو گورنر ہاؤس کی بک پیش کی جبکہ کمانڈر نیوی نے گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے سووینئر پیش کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں