شہباز شریف نیب کے سامنے دوران تفتیش اپنے بیٹے کو بھی پھنسا بیٹھے

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بعد سلمان شہباز کی نیب طلبی کی وجہ سامنے آ گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 9 اکتوبر 2018 15:22

شہباز شریف نیب کے سامنے دوران تفتیش اپنے بیٹے کو بھی پھنسا بیٹھے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 اکتوبر 2018ء) : سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بعد سلمان شہباز کی نیب طلبی کی وجہ سامنے آ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دوران تفتیش شہباز شریف نے نیب کے سامنے اعتراف کیا کہ مالی معاملات میرا بیٹا سلمان دیکھتا ہے۔جس کے بعد نیب نے ان کے صاحبزادے سلمان شہباز کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔سلمان شہباز کو شہباز شریف کی مالی دستاویز بھی ساتھ لانے کا حکم دیا گیا ہے۔

فروخت کیے جانے والے رہائشی اور کاروباری اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔زرائع آمدن کی تفصیل، کاغذات، مکمل انکم ٹیکس اور ویلتھ ٹیکس ریٹرنز بھی طلب کیے گئے ہیں۔ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور شئیرز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔خیال رہے گذشتہ روز سابق وزیراعلی پنجاب اور موجودہ قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کے بعد انکے صاحبزادے سلمان شہباز کو بھی قومی احتساب بیورو (نیب ) نے طلب کرلیا تھا،نیب نے سلمان شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 10 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

۔ واضح رہے نیب نے ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو نیب نے صاف پانی کیس کی انکوائری کیلئے بلا کر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا جبکہ شہبازشریف کیخلاف کوئی ریفرنس بھی دائر نہیں کیا گیا تھا نہ ہی شہبازشریف کو آشیانہ میں کرپشنسے متعلق آگاہ کیا گیا۔ تاہم نیب نے ان کو گرفتار کرکے آشیانہ میں اختیارات سے تجاوز پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

نیب نے شہبازشریف کا احتساب عدالت سے 10روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف ، حمزہ شہبازاور سلمان شہبازنے نیب آفس میں شہبازشریف سے ملاقات کی تھی۔ جس میں انہوں نے شہبازشریف سے پارٹی امور اور نیب کی انکوائری سے متعلق دریافت کیا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے نیب کی شریف فیملی اور ن لیگی ارکان کیخلاف کاروائیوں کوانتقامی کاروائیاں قرار دیا ہے۔۔ن لیگ کا کہنا ہے کہ نیب کی کاروائیاں حکومت اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے۔آج سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں نوازشریف کو مزاحتمی سیاست کا مشورہ بھی دے دیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے بھی قربانیاں دیتے آئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں