سانحہ ماڈل ٹاﺅن استغاثہ کیس : سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پرفرد جرم عائد

مشتاق سکھیرا کا صحت جرم سے انکار‘ عدالتی حکم پر فرد جرم پر دستخط کیئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 اکتوبر 2018 15:28

سانحہ ماڈل ٹاﺅن استغاثہ کیس : سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پرفرد جرم عائد
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 09 اکتوبر۔2018ء) لاہور کی انسداددہشت گردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن استغاثہ کیس میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پرفرد جرم عائد کر دی جبکہ مشتاق سکھیرا کا صحت جرم سے انکار کر دیا. لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو کے جج اعجاز حسن اعوان نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن استغاثہ کیس کی سماعت کی.

ملزم سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا خصوصی عدالت میں پیش ہوئے اور صحت جرم سے انکار کیا تاہم عدالت نے مشتاق سکھیرا سمیت 115 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی. دوران سماعت سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا عدالت میں پیش ہوئے.

(جاری ہے)

مشتاق سکھیرا نے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک ہفتہ کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کر دی جس پر عدالت نے مشتاق سکھیرا کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فرد جرم پر دستخط کرنے کا حکم دے دیا.

سابق آئی جی پنجاب نے فرد جرم پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے برہم ہو کر کہا کہ آپ فرد جرم پڑھ کر سائن کریں ورنہ عدالت اپنا حکم جاری کرے گی. عدالتی حکم کے بعد مشتاق سکھیرا نے دستخط کر دیئے. دوران سماعت موبائل کی بیل بجنے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے موبائل قبضہ میں لینے کا حکم دے دیا. عوامی تحریک کے وکیل نے کہا کہ مشتاق سکھیرا کے موبائل کی بیل بجی.

موبائل کے معاملے پر مشتاق سکھیرا اور عوامی تحریک کے وکلا میں تلخ کلامی ہو گئی ، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے علاوہ 115 دیگر ملزمان پر فرد جرم عائدکی گئی ہے. مشتاق سکھیرا کے وکلا نے پانچ لاکھ کا ضمانتی مچلکہ داخل کرتے ہوئے سابق آئی جی کی آئندہ سماعتوں پر حاضری معافی کی درخواست بھی دائر کی. عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے گواہوں کو شہادتوں کیلیے طلب کرلیا.سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی پیشی کے وقت سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور اضافی نفری تعینات تھی.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں