پاکستان اورچین میں20 کروڑ ڈالر کے معاہدوں پردستخط

11معاہدوں پردستخط چینی خریدارکمپنیوں کے وفد نے کیے، معاہدوں میں سی فوڈ، اسٹیل اور زراعت کے معاہدے شامل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 اکتوبر 2018 18:05

پاکستان اورچین میں20 کروڑ ڈالر کے معاہدوں پردستخط
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اکتوبر 2018ء) پاکستان اور چین کے درمیان20 کروڑ ڈالر کے معاہدے طے پاگئے، ان11 معاہدوں پردستخط چینی خریدارکمپنیوں کے وفد نے دورہ پاکستان کے دوران کیے، ان میں سی فوڈ، اسٹیل اور زراعت کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور چینی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے11 معاہدوں پر دستخط کردیے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سرمایہ کاری کے معاہدوں اور مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں میں پاک چین کمپنیوں کے درمیان 20 کروڑ ڈالر کے معاہدے شامل ہیں۔ دستخط چینی خریدارکمپنیوں کے وفد کے دورہ پاکستان کے موقع پرکیے گئے۔ چینی سفارتخانے کے کمرشل اتاشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان سی فوڈ، اسٹیل اور زراعت کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ غیرمتوازی تجارتی حجم کوختم کرنا چاہتے ہیں۔ مزید برآں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات خسرو بختیارکا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کے کام میں تیزی لائی جائے گی۔ منصوبے اپنے مقررہ وقت پر مکمل ہونگے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے سی پیک کے منصوبوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کے باب کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سی پیک کے منصوبوں سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے سی پیک کے حوالے سے معاہدوں کے حقائق سے متعلق میڈیا کو آگاہی نہیں دی جس کی وجہ سے اس ضمن میں پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ملک میں مصنوعات کی تیاری کے شعبے کو فروغ دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سی پیک کے تحت صنعتی تعاون محض خصوصی اقتصادی زونز تک محدود نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان وسیع تر صنعتی تعاون کے تحت صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کیلئے ایم ایل ون منصوبہ مکمل کیا جائے گا جس سے پاکستان میں ریل گاڑیوں کی رفتار 160کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھے گی اور سامان کی موثر طور پر نقل و حمل یقینی بنائی جا سکے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں