قبضہ مافیا اور تجاوزات کیخلاف آپریشن‘ہر ضلع میں انسداد تجاوزات کمیٹیاں تشکیل

ڈپٹی کمشنرز کمیٹیوں کے سربراہ ،ڈی پی اوز/ سی پی اوز، لوکل گورنمنٹ اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے افسر ممبرز غریب لوگوں، ریڑھی بانوں، چھابڑی فروشوں کے خلاف اور کچی آبادیوں میں آپریشن نہیں کیا جائے گا ‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

منگل 9 اکتوبر 2018 20:02

قبضہ مافیا اور تجاوزات کیخلاف آپریشن‘ہر ضلع میں انسداد تجاوزات کمیٹیاں تشکیل
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی نگرانی کیلئے ہر ضلع میں انسداد تجاوزات کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انسداد تجاوزات کمیٹیوں کا سربراہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ضلع کا ڈی پی او/ سی پی او، لوکل گورنمنٹ کا ضلعی افسر اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سینئر افسر ان کمیٹیوں کے ممبرز ہوں گے۔

ضلع کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سول سوسائٹی کے ممبران اور معززین علاقہ بھی کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔انسداد تجاوزات کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی ذمہ دار ہوں گی۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ با اثر اور طاقتور مافیا سے سرکاری اراضی پر قبضہ ہر صورت چھڑایا جائے گا اورسرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر قابضین کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

غریب لوگوں، ریڑھی بانوں، چھابڑی فروشوں کے خلاف اور کچی آبادیوں میں آپریشن نہیں کیا جائے گا اور اگر اس ضمن میں کوئی شکایت ملی تو متعلقہ حکام کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے، آر ڈی اے، ایف ڈی اے، ایم ڈی اے، جی ڈی اے اور دیگر اتھارٹیز کے زیر انتظام علاقوں میں ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن بلارو رعایت جاری رہے گا اور کسی کو سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر با اثر قبضہ مافیااورتجاوزات کرنیوالوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں