تجاوزات کے بعد بجلی چوری کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

وزیراعلیٰ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ، پہلے مرحلے میں انڈسٹریل، کمرشل اور زیادہ بجلی استعمال کرنےوالے گھریلوصارفین کیخلاف ایکشن لیا جائےگا، بجلی چوری سے سالانہ300 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 اکتوبر 2018 19:11

تجاوزات کے بعد بجلی چوری کیخلاف آپریشن کا فیصلہ
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 اکتوبر 2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے بجلی چوری روکنے کی مہم کے حوالے سے صوبہ پنجاب کے آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں بجلی چوری روکنے کے لئے وزیراعلیٰ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں انڈسٹریل ، کمرشل اور زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ صوبائی سطح پر ٹاسک فورس کی سربراہی سیکرٹری سطح کے افسر کریں گے جبکہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمیٹی کی سربراہی کمشنر جبکہ ڈسٹرکٹ کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کریں گے۔

خصوصی کمیٹیوں میں ڈویژنل اور ضلعی سطح کے پولیس افسران بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ ٹاسک فورس کو وفاقی حکومت اورمتعلقہ وفاقی اداروں کی پوری معاونت حاصل ہوگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری روکنے کے لئے بلاامتیاز آپریشن ہوگا اور بجلی چوری کے خلاف مہم کے دوران بڑے مگر مچھوں پر پہلے ہاتھ ڈالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری میں معاونت کرنے والے سرکاری عملے کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور مہم کے دوران سیاسی وابستگی یا دباؤ کوخاطر میں نہیں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بجلی چوری روکنے کے لئے مہم چلانا خوش آئند ہے اورپنجاب حکومت اس قومی مہم میں بھرپور حصہ ڈالے گی۔ وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجلی چوری اور دیگر فنی نقصانات کے باعث سالانہ 300ارب روپے کا نقصان ہورہاہے۔

بجلی چوری روکنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی جانب جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے سب نے مل کر کام کرنا ہے۔ چیف سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری بجلی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں