بجلی چوری روکنے کیلئے وزیراعلیٰ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ،پہلے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالیں گے ،عثمان بزدار

پہلے مرحلے میں انڈسٹریل ، کمرشل اور زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے خلاف ایکشن لیا جائیگا،صوبائی سطح پر ٹاسک فورس کی سربراہی سیکرٹری سطح کے افسر کریںگے ، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، بجلی چوری میں معاونت کرنیوالے سرکاری عملے کیخلاف بھی کارروائی ہوگی ، سیاسی وابستگی یا دبائو کوخاطر میں نہیں لایا جائیگا،وزیراعلیٰ پنجاب ْ

منگل 9 اکتوبر 2018 21:09

بجلی چوری روکنے کیلئے وزیراعلیٰ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ،پہلے بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالیں گے ،عثمان بزدار
لاہور۔9اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی ، اجلاس میں وزیراعظم کے بجلی چوری روکنے کی مہم کے حوالے سے صوبہ پنجاب کے آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں پنجاب میں بجلی چوری روکنے کیلئے وزیراعلیٰ ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں انڈسٹریل ، کمرشل اور زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیخلاف ایکشن لیا جائیگا، صوبائی سطح پر ٹاسک فورس کی سربراہی سیکرٹری سطح کے افسر کریںگے جبکہ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، ڈویژنل کمیٹی کی سربراہی کمشنر جبکہ ڈسٹرکٹ کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی کمشنر کریں گے ، خصوصی کمیٹیوں میں ڈویژنل اور ضلعی سطح کے پولیس افسران بھی شامل ہوںگے، وزیراعلیٰ ٹاسک فورس کو وفاقی حکومت اور متعلقہ وفاقی اداروں کی پوری معاونت حاصل ہوگی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری روکنے کیلئے بلاامتیاز آپریشن ہوگا اور بجلی چوری کیخلاف مہم کے دوران بڑے مگر مچھوں پر پہلے ہاتھ ڈالا جائیگا، انہوں نے کہاکہ بجلی چوری میں معاونت کرنے والے سرکاری عملے کیخلاف بھی کارروائی ہوگی اور مہم کے دوران سیاسی وابستگی یا دبائو کوخاطر میں نہیں لایا جائیگا، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بجلی چوری روکنے کیلئے مہم چلانا خوش آئند ہے اور پنجاب حکومت اس قومی مہم میں بھرپور حصہ ڈالے گی، وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بجلی چوری اور دیگر فنی نقصانات کے باعث سالانہ 300ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، بجلی چوری روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی جانب جا رہے ہیں، وزیراعظم کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سب نے مل کر کام کرناہے، چیف سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری بجلی، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل، ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی، چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں