قبضہ مافیا اور تجاوزات کیخلاف آپریشن،ہر ضلع میں انسداد تجاوزات کمیٹیاں تشکیل

غریب لوگوں، ریڑھی بانوں، چھابڑی فروشوں کے خلاف اور کچی آبادیوں میں آپریشن نہیں کیا جائے گا با اثر اور طاقتور مافیا سے سرکاری اراضی پر قبضہ ہر صورت چھڑایا جائے گا ، عثمان بزدار

منگل 9 اکتوبر 2018 21:09

قبضہ مافیا اور تجاوزات کیخلاف آپریشن،ہر ضلع میں انسداد تجاوزات کمیٹیاں تشکیل
لاہور۔9اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کی نگرانی کیلئے ہر ضلع میں انسداد تجاوزات کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انسداد تجاوزات کمیٹیوں کا سربراہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ضلع کا ڈی پی او/ سی پی او، لوکل گورنمنٹ کا ضلعی افسر اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سینئر افسر ان کمیٹیوں کے ممبرز ہوں گے۔

ضلع کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سول سوسائٹی کے ممبران اور معززین علاقہ بھی کمیٹیوں میں شامل ہوں گے۔انسداد تجاوزات کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی منصوبہ بندی اور نگرانی کی ذمہ دار ہوں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ با اثر اور طاقتور مافیا سے سرکاری اراضی پر قبضہ ہر صورت چھڑایا جائے گا اورسرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر قابضین کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔

غریب لوگوں، ریڑھی بانوں، چھابڑی فروشوں کے خلاف اور کچی آبادیوں میں آپریشن نہیں کیا جائے گا اور اگر اس ضمن میں کوئی شکایت ملی تو متعلقہ حکام کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے، آر ڈی اے، ایف ڈی اے، ایم ڈی اے، جی ڈی اے اور دیگر اتھارٹیز کے زیر انتظام علاقوں میں ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن بلارو رعایت جاری رہے گا اور کسی کو سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر با اثر قبضہ مافیااورتجاوزات کرنیوالوں کے خلاف جاری آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں