سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پر فرد جرم عائد کر دی گئی

منگل 9 اکتوبر 2018 21:22

سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا پر فرد جرم عائد کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اکتوبر2018ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس میں سابق آئی جی پنجاب پولیس مشتاق احمد سکھیرا پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز حسن اعوان نے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس کی سماعت کی۔سابق آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق آئی جی پنجاب کے وکیل نے فرد جرم کی کارروائی کو ایک ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تاہم عدالت نے مشتاق سکھیرا کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے ان پر فرد جرم عائد کر دی۔دوران سماعت مشتاق احمد سکھیرا نے فرد جرم پر دستخط کرنے سے انکار کیا تو عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ فرد جرم پڑھ کر دستخط کریں ورنہ عدالت اپنا حکم جاری کرے گی، جس پر مشتاق سکھیرا نے دستخط کیے۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت بدھ تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دائر کیا گیا ہے، جس میں رواں سال 12اپریل کو ڈی آئی جی رانا عبدالجبار سمیت 115ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔جبکہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 2اکتوبر کو مشتاق سکھیرا کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں