ڈالرکی قیمت میں اضافہ، قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا

پاکستان کے غیرملکی قرضوں میں کم و بیش ایک ہزارارب روپے کا اضافہ ہوگیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 9 اکتوبر 2018 22:02

ڈالرکی قیمت میں اضافہ، قرضوں کا بوجھ بڑھ گیا
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-09 اکتوبر 2018ء) :ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان کے غیرملکی قرضوں میں کم و بیش ایک ہزارارب روپے کا اضافہ ہوگیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو بنے ہوئے لگ بھگ 2 ماہ ہونے والے ہیں ۔اس عرصے کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے لیے انتہائی پر عزم نظر آتی ہے۔

اس سلسلے میں جہاں تحریک انصاف کی حکومت مقبول فیصلے کرکے عوامی حمایت سمیٹ رہی ہے وہیں تحریک انصاف کی حکومت کو کچھ سخت فیصلے بھی کرنے پڑ رہے ہیں جس کے باعث عوام خاصی بے چین نظر آتی ہے۔اس ساری صورتحال میں پاکستان تحریک انصاف کو سب سے زیادہ جس پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ ملک کے معاشی حالات ہیں۔ملک میں دن بدن ڈالرز کے ذخائر کم ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے بعد ملک میں ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے۔آج انٹربنک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 137 روپے ہو گئی ہے جس کے بعد ملک کے قرضوں کے حجم میں بے پناہ اضافہ ہوجائے گا۔جس کے بعد ایک نیا معاشی بحران سر اٹھائے گا۔اس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ملک میں مہنگائی کا بڑا طوفان آنے والا ہے۔پیٹرول کی قیمتوں میں 15 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ اشیائے خوردونوش سمیت اہم اشیاء کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔

جس سے براہ راست غریب عوام متاثر ہوگی ۔تازہ ترین خبر کے مطابق ڈالر کی قیمت بڑھنے سے ایک ساتھ ملکی قرضوں میں کم و بیش ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔جس کے بعد پاکستان قرضوں کے بوجھ تلے دب چکا ہے۔تاہم اب حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران کے سبب آئی ایم ایف میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔                

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں