سلمان شہباز کی نیب میں پیش ہونے سے قبل وکلا سے طویل مشاورت

وکلا کا سلمان شہباز کو سب سے پہلے نیب کے سوالنامے کا انتظار کرنے کا مشورہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 10 اکتوبر 2018 14:13

سلمان شہباز کی نیب میں پیش ہونے سے قبل وکلا سے طویل مشاورت
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اکتوبر 2018ء) سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے نیب میں پیشی کے حوالے سے وکلا سے طویل مشاورت کی ہے۔ذرائع کے مطابق وکلا نے سلمان شہباز کو سب سے پہلے نیب کے سوالنامے کا انتظار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔نیب سوالنامے کے مطابق باقاعدہ جواب تیار کیا جائے گا۔سلمان شہباز پیشی کے وقت نیب حکام کے سوالات پر انحصار کریں گے۔

سلمان شہباز نے اپنی مختلف کمپنیوں کے زیرانتظام کاروبار کی سمری ابھی تیار کرلی ہے ۔۔سلمان شہباز بغیر پروٹوکول کے ذاتی سکیورٹی گارڈز کی ایک گاڑی کے ہمراہ نیب آفس جائیں گے۔خیال رہے دوران تفتیش شہباز شریف نے نیب کے سامنے اعتراف کیا کہ مالی معاملات میرا بیٹا سلمان دیکھتا ہے۔جس کے بعد نیب نے ان کے صاحبزادے سلمان شہباز کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

سلمان شہباز کو شہباز شریف کی مالی دستاویز بھی ساتھ لانے کا حکم دیا گیا ہے۔ فروخت کیے جانے والے رہائشی اور کاروباری اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔زرائع آمدن کی تفصیل، کاغذات، مکمل انکم ٹیکس اور ویلتھ ٹیکس ریٹرنز بھی طلب کیے گئے ہیں۔ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں میں سرمایہ کاری اور شئیرز کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔خیال رہے گذشتہ روز سابق وزیراعلی پنجاب اور موجودہ قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کے بعد انکے صاحبزادے سلمان شہباز کو بھی قومی احتساب بیورو ((نیب )) نے طلب کرلیا تھا،نیب نے سلمان شہباز کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 10 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن نے نیب کی شریف فیملی اور ن لیگی ارکان کیخلاف کاروائیوں کوانتقامی کاروائیاں قرار دیا ہے۔۔۔ن لیگ کا کہنا ہے کہ نیب کی کاروائیاں حکومت اور نیب کا گٹھ جوڑ ہے۔آج سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں نوازشریف کو مزاحتمی سیاست کا مشورہ بھی دے دیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے بھی قربانیاں دیتے آئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں