عمران خان کوبے گھر افراد کیلئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے افتتاح پر مبارکباد پیش کرنے پر مبنی سمیت 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

بدھ 10 اکتوبر 2018 17:18

عمران خان کوبے گھر افراد کیلئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے افتتاح پر مبارکباد پیش کرنے پر مبنی سمیت 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) وزیر اعظم عمران خان کوبے گھر افراد کیلئے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے افتتاح پر مبارکباد پیش کرنے اور فیکٹریوں میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کے مطالبے پر مبنی 2قرار دادیں پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئیں جبکہ فورک لفٹرز معاہدے میں کرپشن کے حوالے سے تحریک التوائے کار بھی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی۔

تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 10 اکتوبر کو بے گھر افراد کے لئے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا ، یہ منصوبہ انتہائی خوش آئند ہے، گھروں کی تعمیر کے اس منصوبے سے ملک میں ایک انقلاب آئے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبے سے ملکی صنعتوں کو عروج حاصل ہونے کے علاوہ لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے،اس منصوبے سے پاکستان ترقی کے راستوں پر گامزن ہوگا۔

صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کوبے گھر افراد کے لئے 50لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے افتتاح پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان دعاگو ہے کہ اللہ تعالی عوامی فلاح کے اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرے۔ مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر کی جانب سے فیکٹریوں میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں لوگ فیکٹریوں کے زہریلے پانی سے معذور ہورہے ہیں، فیکٹریوں والے علاقوں میں زیر زمین پانی پینے کے قابل نہیں رہا، زیر زمین پانی میں سنکھیا کی مقدار زیادہ ہونے سے لوگ اور بچے ہڈیاں ٹیری ہونے کے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

قراداد کے متن میں کہا گیا کہ واضح احکامات کے باوجود فیکٹری مالکان ٹریٹمنٹ پلانٹ نہیں لگا رہے، محکمہ ماحولیات کی ملی بھگت سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بجائے فیکٹریوں میں کنویں کھودے لیے ہیں جس سے زیر زمین پانی زہریلا ہونے کا سبب بن رہا ہے جبکہ محکمہ ماحولیات کی ملی بھگت سے فیکٹری مالکان انسانی جانوں سے کھیلنے میں مصروف ہے ، قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ صوبہ بھر میں فیکٹری مالکان کا پابند کرے کہ وہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے اور جو فیکٹری مالک اس کی خلاف ورزی کرے اس کی فیکٹری کو سیل کیا جائے۔پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے فورک لفٹرز معاہدے میں کرپشن کے حوالے سے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں