نیب لاہور کی کارروائی ،ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی شوکت حسین سمیت دیگر 3 ملزمان کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا

ملزمان میں ایل اے سی نوید مراد، دو ڈپٹی اکائونٹنٹ حسن محمود اور محمد فاروق شامل ،حکومتی خزانے کو 60ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام

بدھ 10 اکتوبر 2018 22:40

نیب لاہور کی کارروائی ،ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی شوکت حسین سمیت دیگر 3 ملزمان کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی شوکت حسین سمیت دیگر 3 ملزمان کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا جن میں ایل اے سی نوید مراد، دو ڈپٹی اکائونٹنٹ حسن محمود اور محمد فاروق شامل ہیں۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ چاروں ملزمان پر حکومتی خزانے کو 60ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ،ملزمان نے باہمی ملی بھگت سے بہاولپور تا رحیم یار خان روڈ توسیع منصوبے میں کروڑوں روپے کی بوگس ادائیگیاں کیں۔

(جاری ہے)

حکومت کی جانب سے 273 کلو میٹرطویل روڈ کی توسیع کا منصوبہ 2003تا 2004کے دوران شروع کیا گیا تھا ۔چاروں ملزمان نے 2006ء اور 2007ء کے دوران زمین کی خریداری کی مد میں سینکڑوں بوگس اکائونٹس میں60ملین کی خطیر رقم منتقل کی۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے ملزمان کے خلاف چیئرمین این ایچ اے کی درخواست پر 2017ء میں کارروائی کا آغاز کیا تاہم ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل ہونے پر اب انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان کو نیب حکام کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے آج ( جمعرات ) احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں