حکومتی نظام چلانے کے لئے مجبوری کے عالم میں آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں‘ وزیراطلاعات

وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت نے سادگی کی پالیسی اپنائی ہے‘ فیاض الحسن چوہان کا سمینار سے خطاب

بدھ 10 اکتوبر 2018 23:08

حکومتی نظام چلانے کے لئے مجبوری کے عالم میں آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں‘ وزیراطلاعات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق موجودہ پنجاب حکومت نے سادگی کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے ہم نے سابق حکمرانوں کے برعکس میڈیا کو اربوں روپے کے اشتہارات دے کر سستی شہرت حاصل کرنے کی پالیسی ترک کردی ہے ،سابق وزیراعلی شہباز شریف نے اپنی تصویر والے اشتہارات دے کر حکومت کو اربوں ر وپے کا نقصان پہنچایا ۔

صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار حمید نظامی پریس انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام ’’ پاکستان کو درپیش نئے چیلنجز‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا-سیمینار سے پروفیسر ڈاکٹر اعجاز بٹ ، ابصارعبدالعلی، دلاور چوہدری اورسلمان غنی نے بھی خطاب کیا- اس موقع پر طلبا و طالبات اور سیاست و معیشت سے دلچسپی رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد بھی موجودتھی۔

(جاری ہے)

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہماری حکومت مجبوری کے عالم میں حکومتی نظام کو چلانے کے لئے آئی ایم ایف کے پاس جارہی ہے لیکن ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آئی ایم ایف سے ملنے والی قرضے کی رقم کو کرپشن کی نذر نہیں کریں گے -انہوں نے کہا کہ بھرپور معیشت کی منزل کے حصول کے لئے پوری قوم کو بچت اور کفایت شعاری کی عادت اپنانا ہوگی -صوبائی وزیر نے کہا کہ نون لیگی حکومت نے چند سالوں میں ریکارڈ غیرملکی قرضے لے کر ملکی معیشت کو مفلوج کرکے رکھ دیا جس کی بڑی وجہ نون لیگی قیادت کی کرپشن اور قومی خزانے پر ڈاکے مارنے کی عادت تھی-انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط کرنے اورقرضوں سے نجات کے لئے کرپٹ عناصر سے گلو خلاصی کرانی ہوگی اور غبن شدہ رقوم واپس قومی خزانے میں ڈال کر قرضوں کا بوجھ کم کرنا ہوگا جس کے لئے موجودہ حکومت ہرممکن اقدامات بروئے کار لارہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں