لاہور ،راعت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی نئی تحقیقات کی طرف جانا ہوگا،چوہدری محمد سرور

فصلوں کی زیادہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت حاصل کر کے زرعی شعبہ میں انقلاب لایا جاسکتا ہے، ہمیں اپنے طلباء و طالبات کو نالج،سکل اور ٹیکنالوجی سیکھانی ہے،گورنر پنجاب کا زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اجلاس سے خطاب

بدھ 10 اکتوبر 2018 23:38

لاہور ،راعت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی نئی تحقیقات کی طرف جانا ہوگا،چوہدری محمد سرور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ زراعت ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ موجودہ دًور میں علم کی بنیاد تحقیق پر ہے ، ہمیں اپنی زراعت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے نئی نئی تحقیقات کی طرف جانا ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ تحقیق میں جدت لاکر فصلوں کی زیادہ سے زیادہ پیداواری صلاحیت حاصل کر کے زرعی شعبہ میں انقلاب لایا جاسکتا ہے۔

یہ بات اُنہوں نے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب کی زرعی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد،ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی، زرعی یونیورسٹی ملتان،یونیورسٹی آف ویٹننری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اور چولستان ویٹننری یونیورسٹی بہالپور کے وائس چانسلرز موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ زرعی یونیورسٹیوں کا کاشتکاروں کے ساتھ خصوصی کوآرڈی نیشن ہونا چاہئے تاکہ انہیں زراعت سے متعلقہ جو مسائل اور مشکلات ہیں ان کا فوری ازالہ ہوسکے۔

ہمیں اپنے طلباء و طالبات کو نالج،سکل اور ٹیکنالوجی سیکھانی ہے تاکہ وہ پروفیشن میں جاکر عملی طور پر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔گورنر نے کہا کہ ملک میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ اور قومی ترقی کے اہداف حصول میں یونیورسٹیوں کا کردار ناگزیر ہے جنہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے گرین پاکستان بنانے کے لئے شجر کاری مہم کا خصوصی آغاز کردیا ہے۔

اُنہوں نے وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ وہ طلباء و طالبات کو پودوں کی زیادہ سے زیادہ افزائش نسل پر خصوصی لیکچر دیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں کو سولر پر منتقل کیا جائے اور بارش کے پانی کا ذخیرہ کر کے اِسے فش فارمنگ اور زراعت جیسے شعبوں کے لئے استعمال کیا جائے۔گورنر نے کہا کہ طلباء وطالبات کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے فلٹریشن پلانٹس کو بھی یقینی بنائے جائے۔

اجلاس کے دوران گورنر پنجاب کو یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے عمل کو مزید بہتربنانے کے لئے وائس چانسلرز کی طرف سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں فیصلہ سازی کے عمل میں وائس چانسلرز کو بااختیار بنایا جائے گا۔ اس موقع وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹننری اینڈ اینیمل سائنسز لاہو پرو فیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا نے پروفیسرزاور اساتذہ کی طرف سے ڈیم فنڈ کے لئے اکٹھے کئے گئی16لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں