اربوں روپے کی ہزاروں کنال اراضی واگزار،بااثر افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی‘عثمان بزدار

بااثر قبضہ مافیا نے سرکاری اراضی کو مال مفت سمجھ رکھا تھا، تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی طاقتور مافیاپر ہاتھ ڈالا ہے عوام بہت جلد خوشحال اور بدلا ہوا پاکستان دیکھیں گے ،تنقید برائے تنقید کرنے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزراء خالد محمود،سردار محمد سبطین خان اوراراکین اسمبلی کی ملاقات

جمعرات 11 اکتوبر 2018 19:43

اربوں روپے کی ہزاروں کنال اراضی واگزار،بااثر افراد کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی‘عثمان بزدار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیںاورعوام بہت جلد خوشحال اور بدلا ہوا پاکستان دیکھیں گے کیونکہ وزیراعظم عمران خان ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے پرعزم ہیں، تنقید برائے تنقید کرنے والے پاکستان کے خیرخواہ نہیں،ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اورپاکستان میں حقیقی تبدیلی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت شفافیت اور میرٹ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،وزیراعظم عمران خان ہی ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے۔

وہ صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے ،جنہوںنے آج ان سے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ میاں خالد محمود، صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان،اراکین قومی اسمبلی خواجہ شیراز،شوکت بھٹی اوررکن پنجاب اسمبلی محمد علی اعوان شامل تھے ۔وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان کے درمیان ملاقات کے دوران شجرکاری مہم او ر اس پر ہونے والی پیش رفت اورقبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے شجر کاری مہم کوتیزی سے آگے بڑھانے پر بھی صوبائی وزیر جنگلات کی کارکردگی کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران محکمہ جنگلات کی اراضی واگزارکرانے پر صوبائی وزیرجنگلات سردار محمد سبطین خان کی کاوشوں کی تعریف کی اورکہا کہ سرکاری اراضی کوہر صورت قبضہ مافیا سے واگزار کرایا جائے گا۔بااثر قبضہ مافیا نے سرکاری اراضی کو مال مفت سمجھ رکھا تھالیکن تحریک انصاف کی حکومت نے آتے ہی طاقتور مافیاپر ہاتھ ڈالا ہے اوراب تک اربوں روپے کی ہزاروں کنال اراضی کو واگزار کرایا جاچکا ہے۔

بااثر افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔انہوںنے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ۔حکومت شجرکاری مہم کو ایک تحریک سمجھ کر آگے بڑھا رہی ہے اوراس ضمن میں اہداف کے حصول کیلئے مثبت پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کو کامیابی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ پلانٹ فار پاکستان مہم ملک کو سرسبز و شاداب کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

درخت لگنے سے پاکستان کا ماحول بہتر ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی سے زیادہ کوئی چیز مقدم نہیں۔ نئے پاکستان میں عام آدمی عزت سے جیئے گا۔بہت جلد خوشحال پاکستان عوام کا مقدر ہوگا۔عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کو ہر حال میں یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔بہت جلدمعیشت کو استحکام دے کر ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کر دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں