50لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت فیصل آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز سے متعلق اجلاس

کم قیمت پر معیاری گھروں کی فراہمی حکومت کا عزم ہے،منصوبہ جلد دوسرے شہروں میں بھی شروع کیا جائیگا‘میاں محمودالرشید

جمعہ 12 اکتوبر 2018 16:45

50لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کے تحت فیصل آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز سے متعلق اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم کے تحت عوام کو کم قیمت پر معیاری گھروں کی فراہمی موجودہ حکومت کا عزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ملک کے 7 شہروں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے جسے بعد ازاں پنجاب کے دوسرے شہروں میں پھیلایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے گزشتہ روزپنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ کو ہدایات دیں کہ وہ تین دن کے اندر منصوبے کے لیے مختص جگہ کا معائنہ کر کے رپورٹ مرتب کریں تا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے ماہرین کی نگرانی میں پلان وضع کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

یہ پائلٹ پراجیکٹ فیصل آباد تا جڑانوالہ روڈ سے ملحقہ مکوانہ روڈ پر واقع سرکاری اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔

اس مقصد کے لیے مختص زمین پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی (PLDC) پہلے ہی حاصل کر چکی ہے۔ 655 کنال پر محیط اس کم قیمت رہائشی منصوبے میں ایک، تین اور سات منزلہ فلیٹس کی تعمیر کی آپشنز زیرِ غور ہیں جس کے لیے حتمی فیصلہ ماہرین کی مشاورت سے کیا جائیگا۔ میاں محمود الرشید نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے کامیاب آغاز پر سیالکوٹ میں بھی اسی طرز کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جس کے لیے مختص 1664 کنال اراضی پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی پہلے ہی حاصل کر چکی ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ قوانین میں اختلاف کیوجہ سے تاخیر سے بچنے کے لیے ہاؤسنگ منصوبوں پر وفاق اور صوبے ملکر کام کریں گے۔ اس مقصد کے لیے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے تا کہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔ وفاقی سطح پر وزیراعظم پاکستان اس کے سربراہ ہونگے جبکہ صوبوں میں سربراہوں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اخراجات کم رکھنے اور وقت کی بچت کے لیے سارے کام ون ونڈو آپریشن کی طرز پر کیے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں