سابق حکومت کے غلط فیصلوں ، ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے لڑکھڑاتی ہوئی معیشت ورثے میںملی ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

جمعہ 12 اکتوبر 2018 22:12

سابق حکومت کے غلط فیصلوں ، ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے لڑکھڑاتی ہوئی معیشت ورثے میںملی ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور
لاہور۔12 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے غلط فیصلوں ، ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے ہماری حکومت کو لڑکھڑاتی ہوئی معیشت ورثے میںملی ہے اور معیشت کے پہیے کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے بلا شبہ تھوڑا وقت درکار ہے ۔ انشاء اللہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں عوام کو بہت جلد اس مشکل وقت سے نجات مل جائے گی ۔

بدقسمتی سے ماضی میں جو بھی حکومت آئی اس نے لانگ ٹرم پالیسیاں مرتب کرنے کی بجائے ایڈہاک ازم پر کام کیا ۔ پی ٹی آئی کی حکومت نوجوانوں کی سپورٹ سے برسراقتدار آئی ہے اور حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یہاں گورنر ہاؤس لاہورمیںنیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈاکنامکس کے طلباء و طالبات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے نازیہ علی گیلانی کی قیادت میں اِن سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان ، بیگم گورنر پنجاب پروین سرور ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز میڈم ر وزی رضوی بھی موجود تھیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کھوکھلے نعروںاور جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتی بلکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒکے فرمان عمل کو اپنا نصب العین بنائے ہوئے ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت اختیارات کی مرکزیت کی بجائے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی نظام میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں ۔

گورنر نے کہا کہ اب فیصلے لاہور میں نہیں ہونگے بلکہ بلدیاتی نمائندے اپنے اپنے علاقوں کے فیصلے خود کریں گے ۔ ترقیاتی فنڈ کا 30 فیصد بجٹ ویلیج کونسل کو دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے 22 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں جو مختلف فیکٹریوں ، دکانوں اور گھروں میں کام کرتے ہیں ان بچوں کو سکولوں میں لانے کے لئے جامع پالیسی تیار کی جا رہی ہے ۔گورنرنے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل ملز کے لئے گیس کے یکساں نرخ مقرر کئے ہیں جس سے ٹیکسٹائل سیکٹر میں نئی جان پیدا ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ اِس شعبے کی ترقی سے برآمدات میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں