ڈی جی نیب لاہور کو پروفیسرز کو ہتھکڑی لگانا مہنگا پڑ گیا

چیف جسٹس نے ڈی جی سلیم شہزاد کو کل لاہور رجسٹری طلب کرلیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعہ 12 اکتوبر 2018 23:05

ڈی جی نیب  لاہور کو پروفیسرز کو ہتھکڑی لگانا مہنگا پڑ گیا
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-12 اکتوبر 2018ء) : چیف جسٹس نے ڈی جی نیب سلیم شہزاد کو پروفیسرز کو ہتھکڑی لگانے پر کل لاہور رجسٹری طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزنیب لاہور نے سابق 5 رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی کو بھی گرفتار کرلیا تھا، گرفتار رجسٹرارز نے وائس چانسلر کی ملی بھگت سے 550 افراد کو بھرتی کیا، تمام بھرتیاں گریڈ 17اور اس سے اوپر کی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی مجاہد کامران کے بعد ان کے ادوار کے 5 رجسٹرار کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ ان رجسٹرارز میں ڈاکٹر راس مسعود، ڈاکٹر امین اطہر، ڈاکٹر لیاقت ، ڈاکٹر اورنگزیب عالمگیر اورکامران زاہدشامل ہیں۔ ان تمام رجسٹرارز نے غیرقانونی بھرتیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ مخالفین کی جانب سے ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ گرفتار رجسٹراروں نے وائس چانسلر کی ملی بھگت سے 550 افراد کو بھرتی کیا۔

(جاری ہے)

2013ء سے 2016ء تک 3 سالوں میں ہونے والی تمام بھرتیاں گریڈ 17اور اس سے اوپر کی تھیں۔اس سے قبل نیب نے سابق وی سی پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کو حراست میں لے لیا تھا۔ان تمام ملزمان اور آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
اس موقع پر نیب اہلکاروں نے جس طرح گرفتاربزرگ اساتذہ کو عدالت میں پیش کیا گیا اس نے ہمارے معاشرے کے کھوکھلے پن کو ظاہر کر دیا ہے۔

منظر عام پر آنے والے ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بزرگ اساتذہ کو ہتھکڑی لگا کر سنگین مجرموں کی طرح پیش کیا جارہا ہے۔ان گرفتار ملزمان میں ایک بزرگ استاد جنہیں ملزم بنا کر پیش کیا جارہا ہے وہ اس قدر ضعیف ہیں کہ نقاہت کے باعث انکے لئیے چلنا بھی مشکل ہورہا تھا تاہم اس موقع پر بھی استاد اور انسانیت کی تذلیل کرتے ہوئے انکو دیگر ملزمان کے ساتھ ہی ہتھکڑی میں پابند کرکے پیش کیا جارہا ہے۔

یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ اگر ان اساتذہ پر کرپشن کے الزامات ہیں بھی تو کیا ضروری تھا کہ ان اساتذہ کو اس طرح بدترین مجرموں کی طرح عدالت میں پیش کیا جاتا۔یہاں پر یہ بھی سوال کیا جارہا ہے کہ ایک بزرگ جو چلنے سے قاصر ہے کیا اس کے فرار ہو جانے کا خدشہ تھا جو اسے ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جارہا ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ چیف جسٹس نے سابق وائس چانسلر مجاہد کامران اور دیگر پروفیسرز کو ہتھکڑی لگا کر احتساب عدالت میں پیش کرنے کا نوٹس لے لیا ہے۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈی جی نیب سلیم شہزاد کو کل لاہور رجسٹری طلب کرلیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں