این اے 131 کا ضمنی الیکشن ، ووٹ خریدنے کی تیاری کرلی گئی

ووٹ کا ریٹ صبح تین ہزار فی کس ووٹ سے شروع ہو گا ۔ حلقے کے منتظمین

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 13 اکتوبر 2018 12:04

این اے 131 کا ضمنی الیکشن ، ووٹ خریدنے کی تیاری کرلی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 اکتوبر 2018ء) : ضمنی الیکشن کے لیے 11 قومی اور 24 صوبائی نشستوں پر پولنگ کل ہوگی جس کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کُل 7 ہزار 489 پولنگ قائم کئے جن میں سے 1727 اسٹیشنز کو حساس قرار دییا گیا ہے۔ حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز میں پنجاب کے 848 ،سندھ 201 ،خیبر پختونخواہ 544 اور بلوچستان کے 134 اسٹیشنز شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانی ووٹ کا سٹ کریں گے۔ ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کے دوران امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے فوج کو بھی تعینات کر نے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس حوالے سے لاہور کے حلقہ این اے 131 کو حساس قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

این اے 131 کو حساس قرار دینے کی وجہ یہاں موجود پارٹی کارکنان کے مابین ممکنہ ہنگامہ آرائی ہے جبکہ حلقے میں ووٹ خریدنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

این اے131 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے ہمایوں اختر اور مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق مد مقابل ہوں گے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ دونوں اُمیدواروں نے متوسط اور کم آمدنی والے علاقوں سے ووٹرز کو پولنگ سٹیشنز پر لانے کے لیے ٹرانسپورٹ کا بندوبست بھی کر رکھا ہے۔ ہمایوں اختر خان کے الیکشن مینیجرز نے پولنگ ڈے کے لیے کئی ٹیمیں بھی تشکیل دے رکھی ہیں جن میں سرفہرست ووٹرز ٹرانسپورٹ ٹیم ،پولنگ اسٹیشنز گائیڈ لائن ٹیم اور الیکشن ڈے کنویسنگ ٹیم شامل ہیں جو پولنگ سٹیشنز کے باہر ووٹرز کو ٹارگٹ کریں گی۔

اسی طرح سعد رفیق کے انتخابی منتظمین نے بھی کچھ اسی طرح کی ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔ قومی اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا کہ حلقہ این اے 131 کے پُرانے الیکشن منیجرز نے بتایا کہ اس حلقے میں ووٹ خریدے بھی جائیں گے جن کا ریٹ صبح تین ہزار روپے فی کس ووٹ سے شروع ہو گا جو پولنگ کے آخری راؤنڈ میں چار سے پانچ ہزار روپے تک بڑھ سکتا ہے۔ ووٹ خریدنے کے لیے کم آمدن والے علاقوں کا ہی رُخ کیا جائے گا۔ ووٹ بیچنے والے کی ضمانت اُمیدواروں کے مقامی گروپس دیتے ہیں۔ والٹن روڈ، بیدیاں روڈ، چونگی امر سدھو، بھٹہ چوک اور نادرآباد کے علاقوں میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان نا خوشگوار واقعات پیش آنے کے امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں