حکومت15 سال توکیا 15مہینے چلتی نظرنہیں آتی

50 لاکھ گھرتو کیا صرف50 گھر نہیں بنا سکتے، کوئی افسر اراضی منتقل کرنے کے دستخط کرکے جیل نہیں بھگتے گا۔ مرکزی رہنماء ن لیگ رانا ثناء اللہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 13 اکتوبر 2018 20:52

حکومت15 سال توکیا 15مہینے چلتی نظرنہیں آتی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت 15 سال تو کیا 15مہینے پوری کرتی نظر نہیں آتی،50 لاکھ گھروں کی بات دور یہ 50 گھر نہیں بنا سکتے، کوئی افسر اراضی منتقل کرنے کے دستخط کرکے جیل نہیں بھگتے گا۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت 15 سال تو کیا 15مہینے پوری کرتی نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں رہ کر جمہوری اور مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔ ہمیں مثبت اپوزیشن کا ہی کردارادا کرنا چاہیے۔ اپوزیشن شور شرابے کا نام نہیں لیکن کوئی بات تو ایسی ہو تومتاثر کرے۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی بات دور یہ 50 گھر نہیں بنا سکتے۔کوئی افسر اراضی منتقل کرنے کے دستخط کرکے جیل نہیں بھگتے گا۔

(جاری ہے)

یہ چور چور کی بات کرتے ہیں کوئی یہاں سرمایہ کاری کرے گا؟ رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ نیب ہماری کھڑی کی ہوئی نہیں ہے اور نہ ہی نیب کی تعیناتیاں ہم نے کی ہیں۔

یہ نیب مشرف کی بنائی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل الیکشن میں ہمارے لوگوں کو الیکشن نہ لڑنے کی اجازت نہیں دی گئیں۔ ضمنی الیکشن میں پری پول دھاندلی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کیلئے پارلیمانی کمیشن میں اپوزیشن کو برابر کی نمائندگی دی جائے جبکہ خود کمیشن ٹی اوآرز طے کرے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف سویلین بالادستی اور ووٹ کو عزت دینے کی بات کرتے ہیں۔

اگر نوازشریف اداروں کو حدود میں رہنے کی بات کرتے ہیں تواس میں کیا غلط بات ہے؟ دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے جب کہ پنجاب میں سب سے بڑے ڈاکو پرویز الٰہی پر 22 ارب روپے کا الزام ہے لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کہتے ہیں کہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو پرویز الٰہی ہے، شہباز شریف پر کرپشن کا تو الزام بھی نہیں، پھر بھی انہیں گرفتار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاج پارلیمنٹ سے بھی آگے جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں