لیگی کارکنان نے ہمایوں اختر کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا

ن لیگ کے کارکنان نے پی ٹی آئی امیدوار کی گاڑی کے گرد جمع ہو کر "شیر شیر " کے نعرے لگائے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 14 اکتوبر 2018 15:13

لیگی کارکنان نے ہمایوں اختر کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اکتوبر2018ء) لیگی کارکنان نے ہمایوں اختر کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق آج ملک بھر کے میں 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔تاہم سب سے دلچسپ مقابلہ لاہور کے حلقہ این اے 131 میں ہے۔جہاں ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کی طرف سے ہمایوں اختر مد مقابل ہیں۔دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان الیکشن سے قبل بھی سیاسی لفطی جنگ جاری رہی۔

یہ سیاسی جنگ دونوں جماعتوں کے کارکنان میں بھی نظر آتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج ن لیگ کے کارکنان نے ہمایوں اختر کی گاڑی کا گھیراؤ کر لیا اور شدید نعرے بازی کی۔ ن لیگ کے کارکنان نے پی ٹی آئی امیدوار کی گاڑی کے گرد جمع ہو کر "شیر شیر " کے نعرے لگائے اور لوٹے بھی لہرائے۔ ہمایوں اختر کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں ن لیگ کی پٹائی ہو رہی ہے اور سعد رفیق کے لیے چور چور کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حلقہ این اے 131سے تحریک انصاف کے امیدوار ہمایوں اختر کی نادر آباد پولنگ اسٹیشن آمد کے موقع پر لیگی کارکنوں نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکن آمنے سامنے آگئے اور مخالفانہ نعرے بازی شروع کر دی جس سے حالات کشیدہ ہو گئے ۔ ڈیوٹی پرموجود اہلکاروں نے فوری مداخلت کرتے ہوئے دونوں جماعتوں کے کارکنوں کو پیچھے ہٹا دیا۔

خیال رہے حلقہ این اے 131 میں تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔کچھ سیاسی مبصرین نے این اے 131 سے ہمایوں اختر کو ٹکٹ دینا تحریک انصاف کی غلطی قرار دے دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو ایسے لوگوں کو ٹکٹ نہیں دینی چاہیے تھا جن کا ایک خاص قسم کا بیک گراونڈ ہے ۔یہ مفاد پرست ٹولہ ہے جس کی سیاست کا مقصد و محور صرف اور صرف اپنی بزنس اور صنعتی سلطنت کا پھیلاو ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں