ضمنی انتخابات: پولنگ کا وقت ختم ، گنتی شروع

ملک بھرمیں35 قومی وصوبائی کےحلقوں میں ضمنی انتخابات، ٹرن آؤٹ بہتر رہنے کی توقع، ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی،تاہم پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود لوگ ووٹ ڈال سکیں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اکتوبر 2018 17:15

ضمنی انتخابات: پولنگ کا وقت ختم ، گنتی شروع
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) ملک بھر میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے، ملک میں 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا، ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے، تاہم وقت ختم ہونے کے باعث اب پولنگ اسٹیشنز کے اندر موجود لوگ ووٹ ڈال سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔

جو کہ شام 5بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ لاہور کے این اے 131 میں پاکستان تحریک انصاف کے ہمایوں اختر خان اور مسلم لیگ(ن) کے خواجہ محمد سعد رفیق جبکہ حلقہ 124میں پی ٹی آئی کے محی الدین دیوان اور مسلم لیگ(ن) کے شاہد خاقان عباسی کے درمیان انتخابی مقابلہ ہوا۔ اسی طرح ملک بھر کے باقی خالی ہونے والے حلقوں میں انتخابات ہوئے۔

(جاری ہے)

ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔

الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں