عثمان بزدار اچھے اور مضبوط وزیراعلیٰ ہیں، وہ ضرور ڈیلیور کریں گے، نئی نسل آگے آنے سے تبدیلی آئے گی،چودھری پرویزالٰہی

اتوار 14 اکتوبر 2018 18:00

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ الیکشن پرامن ماحول میں ہو رہا ہے، فوج کے جوان موجود ہیں، لاء اینڈ آرڈر ٹھیک ہے، جنرل الیکشن کی طرح انتظامات بہترین ہیں، انشاء اللہ ضمنی الیکشن میں بھی ہماری پارٹی کامیاب ہو گی۔ انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال پر کہا کہ شہبازشریف کے ایک اشارے پر ڈی سی او، ڈی پی او تبدیل ہو جاتے تھے، سانحہ ماڈل ٹائون کی وجہ سے شہبازشریف اللہ کی پکڑ میں آ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر کسی بھی پارٹی میں فارورڈ بلاک بنانے کے خلاف ہوں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے، انشاء اللہ آنے والے وقت میں حالات مزید بہتری کی طرف جائیں گے اور بہتر سے بہتر ہوں گے، 10 سال کی بربادی 60 دنوں میں ٹھیک نہیں ہو سکتی اس لیے حکومت کو وقت دینا چاہئے تاکہ وہ حالات و واقعات کا جائزہ لے کر آگے بڑھ سکے، دنیا کی تاریخ میں بھی کبھی ایسا نہیں ہوا کہ دو ماہ بعد ہی تنقید شروع کر دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار اچھے اور مضبوط وزیراعلیٰ ہیں وہ ضرور ڈیلیور کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں جو افسران ملوث تھے ان کو تبدیل کر دینا چاہئے تاکہ غیر جانبدارانہ انکوائری ہو سکے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کا بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا خوش آئند ہے اور انہیں ووٹ کا حق دینا الیکشن کمیشن کا اچھا اقدام اور تبدیلی کی طرف اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل آگے آ رہی ہے اس سے تبدیلی بھی سامنے آئے گی۔ قبل ازیں این اے 69 سے امیدوار مونس الٰہی، چودھری شفاعت حسین، راسخ الٰہی، محمد الٰہی اور حسن الٰہی نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پنڈی تاتار میں اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں