غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور ٹی وی چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف پیمرا قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے،چیئرمین پیمرامحمد سلیم بیگ

اتوار 14 اکتوبر 2018 19:10

لاہور۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2018ء) چیئرمین پیمرامحمد سلیم بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور پیمرا کے مفادات ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کو تمام سہولیات فراہم کی جائیںگی۔غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور غیر قانونی ٹی وی چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف پیمرا قوانین کے مطابق کاروائی کی جائے ۔

ان خیالات کا اظہارچیئرمین پیمرامحمد سلیم بیگ نے گزشتہ روز یہاںریجنل آفس کے دورہ کے دوران کیا۔ریجنل جنرل منیجر عائشہ منظور وٹو نے لاہور ریجن کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔چیئرمین پیمرا نے لاہور ریجنل آفس کو مزید فعال بنانے پر زور دیا تاکہ اسٹیک ہولڈرز کے جائزمطالبات کو بروقت پورا کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے خلاف جامع کارروائی کرنے پر بھی اصرار کیا تاکہ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کیلئے راستہ ہموار کیا جاسکے ۔

چیئرمین پیمرا نے اس بات پر زور دیا کہ ریجنل آفس تمام اسٹیک ہولڈرز اور پریس کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنائے۔انہوں نے سٹاف کے مسائل بھی سنے اور اس حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔مزید برآں آفیسرز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ریگولیٹر کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹر کو ہمیشہ دھیمہ لہجہ اختیار کرنا چاہیے تاہم جب بات قوانین پر عملدرآمد کی ہو تو کوئی نرمی نہ برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پیمرا کے مفادات ہماری اولین ترجیح ہیں اور تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسٹیک ہولڈرز کو تمام سہولیات فراہم کی جائیںگی۔چیئرمین پیمرا نے اس بات پر زور دیا کہ غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ اور غیر قانونی ٹی وی چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے اور پیمرا قوانین کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔اس دورے پر سیکرٹری اتھارٹی فخرالدین مغل اور دیگر پیمرا ملازمین بھی ان کے ہمرا ہ تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں