ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کا مقابلہ پی ٹی آئی نہیں حکومت سے تھا، شاہ محمد اویس نورانی

ججوں اور جرنیلوں کا احتساب نہ ہونا المیہ ہے۔ ضمنی الیکشن کے نتائج گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ حکومت کا سو روزہ پلان بری طرح ناکام ہو چکا ہے، ڈالر کی اڑان، روپے کی تھکان اور مہنگائی کے طوفان سے عوام پریشان ہے، ترجمان متحدہ مجلس عمل

اتوار 14 اکتوبر 2018 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں اپوزیشن کا مقابلہ پی ٹی آئی نہیں حکومت سے تھا۔ ججوں اور جرنیلوں کا احتساب نہ ہونا المیہ ہے۔ ضمنی الیکشن کے نتائج گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ حکومت کا سو روزہ پلان بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔

ڈالر کی اڑان، روپے کی تھکان اور مہنگائی کے طوفان سے عوام پریشان ہے۔ عوام کو ایک بار پھر سبز باغ دکھائے جا رہے ہیں۔ اہل علم کی نیب کے ہاتھوں بے توقیری سے پوری قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ اساتذہ کی تذلیل، توہین اور تضحیک کرنے والوں کا جرم ناقابل معافی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے اخلاقی اقدار کا جنازہ نکال دیا ہے۔

(جاری ہے)

نیب کی غیر جانبداری پر کئی سوالیہ نشان لگ چکے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا ن لیگ میں فارورڈ بلاک بننے کا بیان غیر جمہوری ہے۔ مہنگائی کے طوفان نے غریبوں کے چولہے بجھا دیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے انجمن طلباء اسلام کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ نیب کا سارا زور تفتیش نہیں تذلیل پر ہے۔ توہین رسالت کی ملزمہ آسیہ مسیح کو رہا گیا تو عوامی ردعمل کا ایسا طوفان اٹھے گا جو حکومت کو بہا لے جائے گا۔

آئین کی اسلامی دفعات کی حفاظت کے لئے ہر قربانی دیں گے۔ آئی ایم ایف کا نیا قرضہ ملک کو معاشی بدحالی کی دلدل میں پھنسا دے گا۔ معاشی بحران پیدا کر کے ملکوں کو غلام بنانا عالمی طاقتوں کا نیا فارمولہ ہے۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ بھارت آئے روز کنٹرول لائن پر بلا اشتعال گولہ باری کر کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ مودی الیکشن جیتنے کے لئے پاکستان کارڈ کھیلنا چاہتا ہے اس لئے حکومت بھارتی شرارتوں سے ہوشیار رہے۔ بھارت کا مزاکرات سے فرار حقیقت سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں