پی ٹی آئی کی3قومی اسمبلی کی جیتی ہوئی نشستوں پرشکست

موصول ہونیوالےغیرحتمی نتائج کےمطابق پی ٹی آئی 131لاہور، این اے35 بنوں اور این اے56 اٹک سے ہارگئی، جیتی ہوئی نشستوں پر شکست سے پی ٹی آئی کی کارکردگی اور عام انتخابات پر سوالیہ نشان لگ گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اکتوبر 2018 19:58

پی ٹی آئی کی3قومی اسمبلی کی جیتی ہوئی نشستوں پرشکست
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) تحریک انصاف کو3قومی اسمبلی کی جیتی ہوئی نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا،اب تک موصول ہونے والے نتائج کے تحت تحریک انصاف لاہور، بنوں اور اٹک سے ہار گئی ہے، جیتی ہوئی نشستوں پر شکست سے پی ٹی آئی کی کارکردگی اور عام انتخابات پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف الیکشن 2018ء میں این اے 131لاہور ، این اے 35بنوں اور این اے 56 اٹک سے بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی۔

تاہم اب ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کو شکست کا سامنا ہے۔ این اے 56 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک سہیل 58902 ووٹ لیکر آگے جبکہ پی ٹی آئی کے ملک خرم 39498 ووٹوں سے پیچھے ہیں۔ این اے 131 لاہور میں ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق 21174 ووٹ لے کر آگے جبکہ پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر خان19907 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح این اے 35 میں ایم ایم اے کے زاہد اکرم درانی 14457ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر جب کہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی امیدوار مولانا نسیم علی شاہ 9334 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران کل 23 شکایا ت موصول ہوئیں۔ انٹرنیٹ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا ہے۔ قومی اسمبلی کیلئے5 ہزار117 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے، صوبائی اسمبلی کیلئے ایک ہزار 116 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔اسی طرح الیکشن میں76 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔ واضح رہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔

جو کہ شام5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔ الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں