حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی،شاہد خاقان عباسی

ثابت ہوگیا عوام نوازشریف کے ساتھ ہیں، عوام نے عمران خان کومسترد کردیا، پی ٹی آئی سے زیادہ ووٹ لیے، یقین تھا ضمنی الیکشن میں جیت ہماری ہوگی۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاجیت کے بعد پارٹی کارکنا ن سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 14 اکتوبر 2018 20:56

حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی،شاہد خاقان عباسی
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اکتوبر 2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی این اے 124سے بھاری ووٹوں کے ساتھ ضمنی الیکشن جیت گئے ہیں ۔ انہوں نے جیت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کل بھی نوازشریف کے ساتھ تھے ، آج بھی ساتھ ہیں، عمران خان کوعوام نے مسترد کردیا، یقین تھا ضمنی الیکشن میں جیت ہماری ہوگی۔

انہوں نے الیکشن میں جیت کے بعد پارٹی کارکنا ن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے عمران خان کومسترد کردیا ہے، عمران خان عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں۔عوام نے ثابت کردیا کہ کل بھی نوازشریف کے ساتھ تھے آج بھی نوازشریف کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر بوتھ پر ووٹرز سے فوجی شناختی کارڈ اور بیلٹ پیپر چیک کرتے رہے جو قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

اس کو دھاندلی کہتے ہیں۔اس کو عوام کے رائے کا احترام نہ کرنا کہتے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ٹرن آؤٹ کم رہا لیکن اس کے باوجود ہم زیادہ ووٹوں سے الیکشن جیتے ہیں۔ تحریک انصاف سے دگنے ووٹ حاصل کیے۔ یقین تھا ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی جیت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سارا دن ہمارے نام لیکر جھوٹ بولتی رہی لیکن عوام نے ان کو پھر بھی مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق این اے 124 لاہورمیں مسلم لیگ ن کے امیدوار شاہد خاقان عباسی750125 ووٹ لیکر جیت گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے غلام محی الدین30115 ووٹوں کے ساتھ ہار گئے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ کے عمل کے دوران کل 23 شکایا ت موصول ہوئیں۔ انٹرنیٹ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 84 فیصد رہا ہے۔

قومی اسمبلی کیلئے5 ہزار117 انٹرنیٹ ووٹ کاسٹ ہوئے، صوبائی اسمبلی کیلئے ایک ہزار 116 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔اسی طرح الیکشن میں76 فیصد اوورسیز پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیے۔ واضح رہے ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے35 حلقوں میں ضمنی الیکشن 2018ء کیلئے پولنگ کا عمل صبح8 بجے شروع ہوا۔ جو کہ شام5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ ضمنی الیکشن کے موقع پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ ساتھ باقی تمام متعلقہ ادارے ریسکیو1122، سول ڈیفنس و دیگر بھی الرٹ ہیں۔

الیکشن میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات والے 35 حلقوں کے لئے پانچ خصوصی صنفی شکایات ڈیسک قائم کردئیے ہیں۔الیکشن کمیشن حکام کے مطابق ڈیسک چاروں صوبوں اور ایک ڈیسک الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں قائم کیا گیا۔ ضمنی انتخابات کیلئے اسلام آباد ہیڈ کوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ کنٹرول روم انتخابی نتائج مکمل ہونے تک کام جاری رکھے گا۔ کنٹرول روم نے ادارے میں ایک علیحدہ شکایت سیل قائم کیا ہے جو ضمنی انتخابات کے حوالے سے شکایات وصول کرے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج اور سہولیات فراہم کرنے کا ایک مرکز بھی قائم کیاگیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں